اسلام آباد (آن لائن ) امریکہ نے شجاع خانزادہ پرخودکش حملے کی تحقیقات میں تعاون فراہم کرنے کی پیشکش کرتے ہوئے شجاع خانزادہ کے ڈیرے پر دہشت گردوں کے حملے کی شدید مذمت کی اور اس پرتشدد واقعہ میں جاںبحق ہونے والوں کے اہل خانہ کے ساتھ گہری ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ امریکی سفارتخانہ سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ انسانی زندگی کے ساتھ اس طرح کا وحشیانہ سلوک ناقابل قبول، ایک محفوظ، مستحکم اور خوشحال قوم کی پاکستانی عوام کی خواہشات کے خلاف ہے۔ امریکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی عوام اور پاکستانی حکومت کی کوششوں کے ساتھ ہے۔ ہم اس حملے میں ملوث افراد کو انجام تک پہنچانے کے پاکستانی عزم کی حمایت کرتے ہیں اور وحشیانہ عمل کی تحقیقات کرنے والے حکومتی اداروں کو ان کی درخواست پر تعاون فراہم کرنے کے لئے تیار ہیں۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بانکی مون نے خودکش حملے کی مذمت کی ہے۔