جعفرآباد (رپورٹ، رب نواز بلیدی) جعفرآباد میں بارودی سرنگ ناکارہ بناتے ہوئے ”بے سرو سامان“ بم ڈسپوزل سکواڈ کا انچارج شہید ہوگیا۔ شہید اہلکار نے اپنی جان پر کھیل کر بلوچستان کی سب سے بڑی نہر پٹ فیڈر کینال میں شگاف ڈال کر شرقی جعفرآباد کے وسیع تر علاقے کو مصنوعی سیلاب میں ڈبونے کی سازش ناکام بنا دی۔ پولیس ذرائع کے مطابق منگل اور بدھ کی درمیانی شب پولیس تھانہ عادل پور کی حدود جعفرآباد و نصیرآباد کے اضلاع کو سیراب کرنے والی پٹ فیڈر کینال کے اندرونی پشتے میں مختلف مقامات پرشگاف ڈالنے کیلئے نامعلوم دہشت گردوں نے متعدد بارودی سرنگیں بچھا دیں جنہیں بدھ کے روز بم ڈسپوڈل سکواڈ کے انچارج پنہل خان بنگلزئی ناکارہ بنارہے تھے کہ اچانک ایک بارودی سرنگ زور دار دھماکے سے پھٹ گئی جس کے نتیجے میں اہلکار پنہل خان موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ علاقے کی ناکہ بندی کرتے ہوئے نامعلوم دہشت گردوں کی گرفتاری کیلئے سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا۔ شہید اہلکار پنہل خان کی نماز جنازہ آبائی شہر ڈیرہ مراد جمالی میں ادا کی گئی اور آبائی گاﺅں میں سپردخاک کیا گیا۔ آئی این پی کے مطابق بم سکواڈ کو سہولتوں اور حفاظتی اشیاءکی عدم فراہمی کے باعث بی ڈی ایس کے انچارج نے اپنی مدد آپ کے تحت خود ہی سادہ لباس میں بغیر کسی حفاظتی جیکٹ اور جدید آلات کے سرنگ ناکام بنانے کی کوشش کی جس کے دوران وہ شہید ہوگیا۔ علاوہ ازیں وزیراعظم نواز شریف نے بارودی سرنگ کے دھماکے میں بم ڈسپوزل سکواڈ کے انچارج کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا ہے اور واقعہ کی مذمت کی ہے۔
انچارج شہید