اسلام آباد(صباح نیوز)سابق صدر جنرل (ر)پرویز مشرف نے کہا ہے کہ نواب اکبر بگٹی کو جان بوجھ کر قتل نہیں کیا گیا، کوئی حادثہ ہوسکتا ہے،نوے فیصد یقین ہے ، سانحہ کوئٹہ میں بھارت ملوث ہے،بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اپنا ہوش کھو بیٹھے ہیں،بلوچستان میں بھارت مداخلت کررہا ہے،اسامہ بن لادن دہشت گرد تھا،براہمداغ بگٹی ملک کا غدار ہے ،بھارت کے خلاف چوہدری نثار کے بیانات کی تعریف اور تائید کرتا ہوں کہ انہیں ایسا ہی جواب دینا چاہیے تھا۔گزشتہ روز نجی ٹی وی کو انٹرویو میں سابق صدر پرویز مشرف نے کہا ہے کہ میری نظر میں بھارتی وزیراعظم پاگل ہوگئے ہیں، بلوچستان میں بھارت مداخلت کررہا ہے اور پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کے لیے وہ لوگوں کو استعمال کرتا ہے، بھارت کی افغانستان میں رسائی کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔پرویز مشرف نے کہا کہ نوے فیصد یقین کے ساتھ کہتا ہوں سانحہ کوئٹہ میں بھارت ملوث ہے کیوں کہ ان کا ایجنڈا ہی یہی ہے ۔انہوں نے وضاحت دی کہ بھارتی فوجی خود کارروائی کرنے پاکستان نہیں آتے،بھارت کے ملوث ہونے کا مطلب یہ ہے کہ وہ پاکستان میں موجود لوگوں کو استعمال کرتا ہے جیسے تحریک طالبان پاکستان کو جو یہاں دھماکے کررہی ہے ، مذہبی فرقہ واریت بڑ ھانے کے لیے وہ رقم خرچ کرتا ہے۔حقانی نیٹ ورک کے سوال پر انہوں نے کہاکہ جلال الدین حقانی کے والد کو امریکہ بلایا گیا،امریکی صدر سے ملاقات کی،اس وقت ہیرو تھے آج ولن بن گئے ہیں،صورتحال تبدیل ہوئی۔ میر ی نظر میں اسامہ بن لادن دہشت گرد تھا،نائن الیون کی کارروائی ان کی منصوبہ بندی میں شامل تھی، القاعدہ کے گرفتار ارکان خالد شیخ وغیرہ کے دیگر منصوبے بھی ان سے آشکار ہوئے۔انہوں نے کہا کہ سو فیصد یقین ہے کہ اکبر بگٹی کو مارا نہیں گیا، انہوں نے خود کشی کی یا انہوں نے خود منصوبے کے مطابق راکٹ فائر کرایا یا دھماکا کیا، ہمارے ان پانچ آفیسرز کو مارنے کے لیے جو ان کے پاس گئے تھے ، جس کی وجہ سے سب ہی کچھ تباہ ہوگیا، یاپھر انہوں نے پہلے ہی باروی مواد رکھا ہوا تھا اسے اڑادیا ہم نے حملہ نہیں کیا انہوں نے منصوبے کے تحت دھماکا کرایا جس میں وہ خود مارے گئے۔براہمداغ بگٹی ملک کا غدار ہے جو مودی کا شکریہ ادا کررہا ہے اور پاکستان کو گالیاں دے رہا ہے، بلوچوں کا ترجمان بننے والے ڈیرہ بگٹی تو آ نہیں سکتے،ایک غدار شخص بلوچ قوم کا نمائندہ کیسے ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بگٹیوں کا کلپر قبائل بلوچوں کے سب قبائل کا لیڈر ہے اور وہ آج بھی میری تعریف ہی کرے گا ۔انہوں نے کہا کہ بھارت افغانستان میں خاد کو بھرپور طریقے سے استعمال کرتا ہے،دشمن افغانستان میں شمالی اتحاد کو ہمارے خلاف استعمال کرسکتا ہے،ایسی صورتحال میں ہم ان کے خلاف بھی کچھ گروپس استعمال کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ علاج کے لیے امریکہ جارہا ہوں اکتوبر میں وطن واپس پہنچوں گا۔
اکبربگٹی کو مارانہیں گیا انہوں نے منصوبے کے مطابق خود کو اڑا لیا سانحہ کوئٹہ میں بھارت ملوث ہے :مشرف
Aug 18, 2016