اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)پاکستان بحریہ نے ریکارڈ دسویں بار نے کثیرالقومی کمبائنڈ ٹاسک فورس- 150کی کمانڈ سنبھال لی ہے۔ تبدیلی کمانڈ کی پر وقار تقریب بحرین میں واقع ہیڈکوارٹرز یو ایس نیوسینٹ میں منعقد ہوئی جس میں پاکستان نیوی کے ریئر ایڈمرل نوید احمد رضوی نے فرانسیسی نیوی کےریئر ایڈمرل اولائیور لیباس سے کمبائنڈ ٹاسک فورس- 150کی کمانڈ سنبھالی۔ بحریہ کے پریس ریلیز کے مطابق تقریب کے آغاز میںسبکدوش ہونے والے کمانڈرکمبائنڈ ٹاسک فورس150-نے کمبائنڈ ٹاسک فورس 150-کی حالیہ کامیابیوںپر روشنی ڈالی۔کمانڈرکمبائنڈ میر ی ٹائم فورسز وائس ایڈمرل کیون ایم ڈونگان نے اپنے خطاب کے دوران سبکدوش ہونے والے کمانڈر کو اپنے فرائض احسن طریقے سے انجام دینے پر مبارک باد دی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نو منتخب کمانڈر ریئر ایڈمرل نوید احمد رضوی نے کہا کہ ان کی ٹیم اس اہم ذمہ داری کی انجام دہی کے لیے پوری طرح تیار ہے۔ انہوں نے اس سے قبل ٹاسک فورس کی ذمہ داریاں سر انجام دینے والی فرانسیسی نیوی کی ٹیم کی بھی تعریف کی اور اسی جذبے کے ساتھ آپریشنز کو تسلسل کے ساتھ جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ خطے میں امن و استحکام کے قیام کے لئے مشترکہ میری ٹائم سیکیورٹی میں تعاون کے سلسلے میں پا ک بحریہ کے عزم صمیم کے باعث پاک بحریہ اور اتحادی بحری افواج کے مابین تعلقات مسلسل مضبوط ہورہے ہیں۔کمبائنڈ ٹاسک فورس 150،کمبائنڈ میری ٹائم فورسز کے زیر نگرانی فرائض انجام دینے والی تین ٹاسک فورسز میں سے ایک ہے۔ کمبائنڈ میری ٹائم فورسزمیں شریک ممالک ی تعداد 31ہو چکی ہے۔حالیہ کمانڈ سے قبل پاک بحریہ کمبائنڈ ٹاسک فورس150-کی نو(9)مرتبہ اور بحری قزاقی کی بیخ کنی کے لئے قائم کی جانے والی کثیرالقومی ٹاسک فورس151-کی آٹھ مرتبہ کمانڈکرنے کا امتیازی اعزاز حاصل کر چکی ہے جو کہ اتحادی فورسز کا پاکستان نیوی کی پیشہ ورانہ صلاحیتوںاور مہارتوں پر اعتماد کا مظہر ہے۔ تبدیلی کمانڈ کی تقریب میں بحرین میں تعینات پاکستان کے سفیر جاوید ملک اور اتحادی ممالک کی اعلیٰ عسکری شخصیات نے شرکت کی۔
پاک بحریہ نے ریکارڈ دسویں بار کثیر القومی ٹاسک فورس کی کمانڈ سنبھال لی
Aug 18, 2017