پڑھے لکھے نوجوان داعش کا خصوصی نشانہ‘ احتیاط ضروری : پائیدار امن کیلئے سب کو حصہ ڈالنا ہو گا : آرمی چیف

Aug 18, 2017

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ ہر پاکستانی آپریشن رد الفساد کا سپاہی ہے۔ فوج ایک محفوظ اور مستحکم ملک دینے کیلئے پرعزم ہے۔ فوج نے ملک کو دہشت گردی سے نجات دلانے کی اہم کامیابی حاصل کی ہے لیکن پائیدار امن کے قیام کیلئے سب کو اپنا حصہ ڈالنا ہو گا۔ آرمی چیف نے فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کا دورہ کیا اور وہاں انٹرن شپ مکمل کرنے والے نوجوانوں سے خطاب اور بعد ازاں ان کے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ انہوں نے طلبہ کو اس پروگرام کی کامیاب تکمیل پر مبارک باد پیش کی۔ انہوں نے کہا قدرت نے پاکستان کو سب سے زیادہ باصلاحیت اور متحرک نوجوان عطا کئے ہیں اور ملک کا مستقبل ان ہی نوجوانوں سے وابستہ ہے۔ انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا نوجوان اپنی صلاحیتوں سے بھرپور استفادہ کرتے ہوئے پاکستان کو ترقی اور امن کی نئی بلندیوں سے ہمکنار کریں گے۔ انہوں نے نوجوانوں کو ہدایت کی کہ وہ اپنی ذات پر اعتماد رکھیں، قانون و میرٹ کی پاسداری کریں، اور کامیابی کے حصول کیلئے شارٹ کٹ اختیار نہ کریں۔ ان سے سوال کیا گیا نہایت مشکل حالات میں وہ اپنا حوصلہ کیسے برقرار رکھتے ہیں تو آرمی چیف نے جواب دیا فوج کی انتھک کوششیں اور ملک کے شاندار مستقبل کی امید ان کا حوصلہ اور ہمت قائم رکھتی ہے۔ انہوں نے طلبہ سے کہا فوج انہیں ایک محفوظ اور مستحکم ملک فراہم کرے گی۔فوج تمام تر داخلی اور بیرونی چیلنجوں سے نمٹنے کی استعداد رکھتی ہے۔ انہوں نے طلبہ کو ہدایت کی وہ سوشل میڈیا پر چلنے والے مخالفانہ بیانیہ سے ہوشیار رہیں۔ انہوں نے کہا لکھے پڑھے نوجوانوں کو زیادہ احتیاط کی ضرورت ہے کیونکہ وہ آئی ایس آئی ایس (داعش) اور اس کی ذیلی تنظیموں کا خصوصی نشانہ ہیں۔ زندگی میں آپ کی کامیابی، اللہ پر پختہ یقین، والدین کی خدمت اور سخت محنت کے تین اصولوں میں مضمر ہے۔ پاکستان کے دورہ پر آئے ہوئے پولینڈ کے فوجی سربراہ بریگیڈیئر جنرل ودجلن گرینواشی اور پاکستان میں متعین اردن کے سفیر نواف خلیفہ نے جمعرات کے روز جی ایچ کیو میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ آئی ایس پی آرکے مطابق پولینڈ کے مہمان بریگیڈیئر جنرل اور آرمی چیف کے درمیان فوجی تعاون‘ سلامتی‘ کی صورتحال‘ فوجی تربیت اور اس سے متعلق دیگر امور پر تبادلہ خیالات کیا گیا۔ اردن کے سفیر کے ساتھ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور خطہ میں سلامتی کے معاملات زیرغور آئے۔
آرمی چیف

مزیدخبریں