راولپنڈی (آن لائن) راولپنڈی کی احتساب عدالت نے سابق صدر آصف علی زرداری کے خلاف زیرالتوا آخری کرپشن ریفرنس کی روزانہ سماعت کا فیصلہ کرلیا۔احتساب عدالت سابق صدر کے خلاف روزانہ کی بنیاد پر مبینہ طور پر پاکستان اور بیرون ملک غیرقانونی اثاثے رکھنے کے حوالے سے ریفرنس کی سماعت کرے گی۔ یہ ریفرنس پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین اور ان کی اہلیہ بے نظیر بھٹو پر غیر قانونی ذرائع سے جائیداد بنانے کے الزام پر دائر کیا گیا تھا۔ نیب کے وکیل طاہر ایوب نے بتایا کہ یہ کیس اختتامی مراحل میں ہے اور عدالت نے اس کی روزانہ کی بنیاد پر پیروی کرنے کا فیصلہ کیا۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس کیس کی کارروائی آئندہ چند دنوں میں مکمل ہو جائے گی اور جلدہی عدالت اس کیس کا فیصلہ سنا دے گی۔ واضح رہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری کے خلاف کرپشن کے 6 مقدمات دائر تھے‘ تاہم اپنے عہدے کی مدت پوری کرنے کے بعد احتساب عدالت میں ان کیسز کے حوالے سے کارروائی ہوئی جس میں سے 5 کیسز میں انہیں بری کردیا گیا تھا۔ علاوہ ازیں سابق صدر کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ گزشتہ 15 سال سے اس مقدمے میں ابھی تک ایسے کوئی شواہد پیش نہیں کر سکا جس سے ان کے موکل کا کوئی تعلق نکلتا ہو۔ نیب یہ ریفرنس سیاسی بنیادوں پر درج کیا گیا ہے اور اس سے زیادہ اس کی کوئی اہمیت نہیں ہے۔