کراچی(سپورٹس رپورٹر) پاکستانی گالف کلینڈر کے سب سے بڑے ایونٹ چیف آف دی نیول سٹاف اوپن گالف کا آغاز ہول ان ون سے ہوا۔ کراچی کے ڈی ایچ اے گالف کلب کے ویوک آنند نے امیچورکیٹگری میں ہول ان ون کا اعزاز حاصل کرکے گاڑی اپنے نام کرلی ۔ دوسری جانب پروفیشنل کے دفاعی چیمپئن مطلوب احمد نے کامیاب آغاز کرتے ہوئے پہلے ہی روز اپنی برتری ثابت کردی۔ کراچی گالف کلب کے لش گرین کورس پر منعقدہ انعامی رقم کے لحاظ سے پاکستان کے سب سے بڑے ایونٹ میں ملک بھر سے 97پروفیشنل گالفرز ایکشن میں آئے۔ اسلام آباد کے مطلوب احمد جو اپنے اعزاز کا دفاع کررہے ہیں نے 4انڈر پار 68کے ساتھ اول پوزیشن پر قبضہ کرلیا۔محمد منیر نے 2انڈر پار 70کے ساتھ دوم اور دانیال جہانگیر نے ایک انڈر پار 71کے ساتھ سوئم پوزیشن حاصل کرلی۔ شبیر اقبال اور محمد اشفاق نے صفر انڈرپارکے ساتھ 72کے یکساں اسکور کے ساتھ بالترتیب چوتھی اورپانچویں پوزیشن حاصل کرلی۔ کراچی گالف کلب کے وحید بلوچ نے ایک اوور پار 73اسکور کے ساتھ ٹاپ ٹین میں جگہ بنائی دوسری جانب ڈی ایچ اے گالف کلب کے امیچور گالفر ویوک آنند کا قسمت نے خوب ساتھ دیا۔ ویوک آنند نے ہول نمبر 4سے آغاز کیا اورہول ان ون کرنے میں کامیاب ہوگئے اس طرح انہوں نے ہول ان ون کیلئے مختص 2میں سے ایک کار پرقبضہ کرلیا۔ 72ہولز پرمشتمل قومی سطح کی یہ چیمپئن شپ 20اگست کو اختتام پذیر ہوگی۔