لاہور (کلچرل رپورٹر+ اپنے نامہ نگار سے) گلوکارہ حمیرا ارشد نے کہا ہے کہ اب میں نے حتمی فیصلہ کر لیا ہے کہ احمد بٹ کے ساتھ نہیں رہ سکتی۔ آئندہ چند روز میں خلع کے لئے عدالت میں درخواست دائر کروں گی۔ انہوں نے کہا کہ وہ میرا مکان لینا چاہتا ہے اور اس کے لئے آئے روز بلیک میل کرتا ہے۔ اب میں یہ چیپٹر کلوز کرنا چاہتی ہوں۔ احمد بٹ ایک بلیک میلر شخص ہے اور وہ مجھے طریقوں سے بلیک میل کر رہا ہے میں اس شخص کے ساتھ نہیں رہ سکتی۔ جوڈیشل مجسٹریٹ طارق اشرف چیمہ نے گلوکارہ حمیرا ارشد کے بھائیوں اور احمد بٹ سمیت 5 ملزموں کو راضی نامہ ہونے کی بناء پر رہا کر دیا ہے۔ گلوکارہ حمیرا ارشد کے بھائیوں غلام عباس، نوازش اور سوزب جبکہ احمد بٹ اور عقیل بٹ کی جانب سے عدالت میں راضی نامہ جمع کروایا گیا کہ غلط فہمی کی بنیاد پر جھگڑا ہو گیا تھا اب فریقین میں صلح ہو چکی ہے لہذا عدالت انہیں رہا کرنے کا حکم دے۔ عدالت نے پانچوں افراد کو راضی نامہ کی بنیاد پر رہا کرنے کا حکم دیا۔ رہائی کے بعد گفتگو کرتے ہوئے اداکار احمد بٹ نے کہا کہ اسکا ہمیشہ بیٹے کے معاملے پر حمیرا ارشد کے ساتھ جھگڑا ہوتا ہے وہ اپنے بیٹے کو امریکہ میں پڑھا کر ڈاکٹر بنانا چاہتا ہے جبکہ حمیرا ارشد اسکی مخالفت کرتی ہے۔ جھگڑے کے بعد حمیرا ارشد نے اپنے شوہر احمد بٹ کو گھر سے نکال دیا ہے جبکہ سامان اور دیگر ضروری اشیاء بھی احمد کے حوالے کر دی ہیں۔