امیدہے نو منتخب وزیراعظم کراچی کے مسائل حل کریں گے وسیم اختر

کراچی (اسٹاف رپورٹر) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ نئے منتخب ہونے والے وزیراعظم سے امید رکھتا ہوں کہ وہ کراچی کے مسائل کے حل کے لئے کام کریں گے اور ماضی کی طرح اس شہر کو نظر انداز کرنے کی پالیسی نہیں دہرائی جائے گی، وزیراعظم منتخب ہونے پر عمران خان کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، کراچی کی بہتری اور ترقی کے لئے حکومت جو بھی کام کرے گی ، بلدیہ عظمیٰ کراچی کا تعاون اسے حاصل رہے گا، جھیل پارک سے شارع فیصل تک سوا کلو میٹر طویل محمود حسین روڈ کی تعمیر سے شہریوں کو سہولت حاصل ہوگی، شہر میں جگہ جگہ لگائی جانے والی مویشی منڈیاں اور چارے گھاس کے پتھارے ہٹانا کمشنر کراچی اور ڈسٹرکٹ انتظامیہ کی ذمہ داری ہے، عیدالاضحی پر آلائشیں اٹھانے کے کاموں میں ڈی ایم سیز کی بھرپور مدد کریں گے، یہ بات انہوں نے جمعہ کی شام شارع فیصل تا جھیل پارک تعمیرکئے جانے والے محمود حسین روڈ کے ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیتے ہوئے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر چیئرمین بلدیہ شرقی معید انور، سٹی کونسل کی چیئرمین اراضیات کمیٹی کے چیئرمین سید ارشد حسن ، چیئرمین ورکس کمیٹی حسن نقوی، چیئرمین پارکس کمیٹی خرم فرحان، کراچی چیمبر آف کامرس کے صدر شمیم فرپو، سماجی شخصیت محبوب حسن، متعلقہ انجینئرز اور دیگر افسران بھی موجود تھے، میئر کراچی نے کہا کہ گزشتہ 30 سال سے اس سڑک پر کسی نے توجہ نہیں دی تھی ، شارع فیصل سے لے کر جھیل پارک تک اس سڑک کا تمام تر حصہ خستہ حالی اور ٹوٹ پھوٹ کا شکار تھا جس کی وجہ سے اس سڑک پر واقع اسکول اور دفاتر میں جانے والے لوگوں کو شدید دشواریوں کا سامنا تھا، ہم نے اس سڑک کو دوبارہ سے  تعمیر کیا ہے جس سے یہاں مکینوں کو سہولت ملے گی، اس سڑک کی تعمیر سے قبل سیوریج کے نظام کو بھی جو ایک عرصے سے خراب تھا درست کیا گیا ہے تاکہ آگے چل کر سیوریج اوور فلو کی وجہ سے یہ سڑک خراب نہ ہو۔

ای پیپر دی نیشن