آزادی کے نام پرخواتین کی تذلیل کی جارہی ہے، آغا حامد موسوی

اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی)سپریم شیعہ علمای بورڈ کے سرپرست اعلی ٰتحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے سربراہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا ہے کہ مغربیت کا سیلاب مذہبی اقدار بہائے چلا جارہا ہے آزادی کے نام پرخواتین کی تذلیل کی جارہی ہے اسلام خواتین کی جہالت کی زنجیروں سے آزادی کا ضامن اور عزت حقوق کا پاسبان ہے ،جدید ٹیکنالوجی نے مغربی ثقافتی یلغار کے دروازے کھول دیئے ہیں ۔ بے راہ روی اور لادینیت کے اس سیلاب کو روکنے کا سب سے بڑا ذریعہ دینی و دنیاوی تعلیمات سے روشناس قوم کی بیٹیاں ہیں،قوم کی بیٹیاں آنے والی نسلوں کیلئے شجر سایہ داراوردرسگاہ کی حیثیت رکھتی ہیں ، بیٹیوں کو بوجھ سمجھنے والے دین سے نا آشنا ہیں اسلام نے حضرت فاطمہ زہراؑ کے وجود سے زندہ درگور ہونے والی بیٹیوں کو عظمت وتقدیس بخشی خواتین سیرت فاطمی اپنائیں ، خواتین دنیاوی علوم پر بھی دسترس حاصل کریں اوردین کی تعلیمات کا زیور بھی زیب تن کریں کیونکہ دنیاوی علوم جانے بغیر دشمن کی سازشوں کا ادراک نا ممکن ہے اور دین کے بغیر ان سازشوں اور ہتھکنڈوں کا جواب دینا محال ہے دین وطن کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ خواتین کے تعاون کے بغیر ناممکن ہے ۔ان خیا لات کا اظہار انہوں تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے شعبہ خواتین ام البنین ڈبلیو ایف کے سالانہ اجتماع کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا جو تنظیم کی ناظم اعلی ٰ سیدہ بنت الہدی نے پڑھ کر سنایا۔

ای پیپر دی نیشن