اسلام آباد(نا مہ نگار)قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عطاء اللہ شاہ نے کہا ہے کہ قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کے شعبہ امتحانات سمیت تمام شعبہ جات کو آٹومیشن کے ذریعے کمپیوٹرائزڈ کیا جائیگا۔ شعبہ امتحانات میں اصلاحات کے نفاذ کیلئے قائم کمیٹیاں روزانہ کی بنیاد پر ملیں گی اور بہت جلد اقدامات کو عملی جامہ پہنائیں گے۔ ان خیالات کا اظہا رانہوں نے شعبہ امتحانات میں اصلاحات کیلئے قائم کمیٹیوں کے کنوینئرز کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں کمیٹیوں کے کنوینئرز، کنٹرولر امتحانات ، رجسٹرار و دیگر سٹاف موجودتھے۔ وائس چانسلر نے کہا کہ یونیورسٹی کے سینئرڈینزاور پروفیسرز کی سربراہی میںقائم کمیٹی برائے پرچہ نظرثانی،کمیٹی برائے پیپر سیٹنگ نظرثانی ،اور کمیٹی برائے پیپراسسمنٹ نظرثانی شامل ہے ۔ان کمیٹیوں کویہ مینڈیٹ دیاگیاہے کہ وہ اے ڈی ای پروگرام کے لیے پیپر سیٹنگ کا عمل اور تدریسی ،امتحانی و دیگر امور پر نظرثانی، پیش کردہ سیلبس کی جانچ پڑتال کرنے سمیت امتحانی پیپر کا معائنہ ،پرچہ جات کی ٹائپنگ کے معیار کو چیک،امتحانی سنٹر ز میں ایگزامنر ز اور پیپر چیکنگ اسٹاف کی تعیناتی کے عمل کا جائزہ لینے سمیت ہرماہ اپنی سفارشات ایڈوئزی کمیٹی کے سامنے پیش کریگی۔