لاہور (خصوصی نامہ نگار) پاکستان عوامی تحریک کے قائد طاہرالقادری نے عمران خان کو وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ لوٹ کھسوٹ پر مبنی عہد اقتدار کے خاتمے پر اطمینان ہے، مسائل زدہ عوام کی بہت سی توقعات نئی حکومت سے وابستہ ہیں، امید ہے عمران خان اور انکی ٹیم ریلیف کے منتظر عوام کی امنگوں پر پورا ترنے کی ہرممکن کوشش کرے گی۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے ارکان اسمبلی نے پہلے دن ایوان میںاحتجاج کے نام پر جو شور شرابا کیا اس سے ثابت ہوتا ہے کہ جائز ناجائز طریقے سے ہمیشہ حکومت میں آنیوالے یہ نام نہاد نمائندے حزب مخالف اور سیاسی جمہوری اخلاقیات کی الف ب سے بھی واقف نہیں ہیں۔ اسمبلی میں غیر مہذب لب و لہجے اور رویے کا مظاہرہ کر کے دنیا میں پاکستان کو بدنام کیا گیا۔ طاہرالقادری نے کہا کہ پنجاب کے قاتل اعلیٰ کو قومی اسمبلی کی اپوزیشن نے بھی مسترد کر دیا، ان میں ذرا برابر بھی شرم ہے تو سیاست چھوڑ دیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے بے رحم احتساب اور لوٹی دولت و اپس لانے کا جو اعلان کیا ہے میری دعا اور خواہش ہے کہ وہ اسے پایہ تکمیل تک پہنچائیں۔