لاہور (وقائع نگار خصوصی) سپریم کورٹ نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے ووٹ ڈالنے سے متعلق حق کو تسلیم دیتے ہوئے آئندہ ضمنی انتخابات میں انہیں ووٹ ڈالنے کی اجازت دےدی ہے۔ عدالت نے حکم دیا کہ الیکشن کمشن اور نادرا انتظامات کو یقینی بنائے۔ عدالت نے قرار دیا کہ آئی ووٹنگ کے انتخابی نتائج کو بالکل علیحدہ رکھا جائے۔ اب بیرون ملک پاکستانیوں کو ووٹ ڈالنے کے حق کو تسلیم کرلیا گیا ہے۔ اس پر عملدرآمد کا معاملہ الیکشن کمشن کی ذمہ داری ہے۔ انتخابی نتائج کی درستگی سے متعلق تمام نتائج کو پارلیمنٹ کے سامنے رکھا جائے۔ جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے عمران خان اور دیگر کی درخواست پر سماعت کی۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ الیکشن کمشن‘ نادرا کی معاونت سے انتظامات کو یقینی بنائے اور انٹرنیٹ ووٹنگ (آئی ووٹنگ) کے انتخابی نتائج کو بالکل علیحدہ رکھا جائے۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کہ بعد ازاں آئی ووٹنگ کے انتخابی نتائج کو ضمنی انتخابات کے نتائج میں شامل کیا جائے۔ تاہم تنازعہ کی صورت میں آئی ووٹنگ کے نتائج کو علیحدہ کردیا جائے۔ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو بہت مبارک ہو۔ آج ان کے ووٹ ڈالنے کے حق کو تسلیم کرلیا گیا ہے۔ اب اس پر عملدرآمد کا معاملہ ہے اور انتخابات کرانا الیکشن کمشن کی ذمہ داری ہے۔ پائلٹ پراجیکٹ بنانے پر الیکشن کمشن اور نادرا کے مشکور ہیں لیکن اس منصوبے کو الیکشن کمشن کے قوائد اور آپریشن پلان کے تحت مکمل کیا جائے۔ نادرا پائلٹ پراجیکٹ کے انتخابی عمل کو فول پروف بنانے کیلئے الیکشن کمشن کی معاونت کرے۔ تجرباتی نفاذ کا مقصد یہ نہیں کہ اس کے نتائج کو نظر انداز کردیا جائے۔ واضح رہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے سے متعلق تحریک انصاف اور دیگر کی جانب سے درخواست دائر کی گئی تھی۔ تاہم حالیہ انتخابات میں یہ لوگ ووٹ ڈالنے سے محروم رہے تھے۔سپریم کورٹ کے حکم پر الیکشن کمشن کی جانب سے سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹنگ کا حق دینے کے لئے انٹرنیٹ ووٹنگ ٹاسک فورس (آئی سی ٹی ایف) تشکیل دی گئی تھی۔ فورس نے اپنی رپورٹ میں کہا تھا کہ سپریم کورٹ نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو حق دینے سے متعلق تاریخی فیصلہ کیا اور نادرا نے آئی ووٹ کا عملی مظاہرہ سپریم کورٹ کو کرکے دکھایا۔ سپریم کورٹ نے سیمنٹ فیکٹریوں کی طرف سے پانی کے غیرقانونی استعمال کے معاملہ پر پانی کی قیمت کے سرکاری نوٹیفکیشن سے چھیڑ چھاڑ کرنے پر سیکرٹری لوکل گورنمنٹ سے تفصیلی جواب طلب کرلیا ہے۔ عدالت نے کہا ہے کہ معاملہ حساس ہے۔ نیب کو بھجوایا جائے گا۔ ڈی جی نیب عدالت میں پیش ہوئے۔ جسٹس اعجاز الاحسن نے استفسار کیاکہ پانی کے استعمال کیلئے دس لاکھ روپے فی کیوسک روزانہ کی قیمت مقرر کی گئی پھر اس میں ہاتھ سے تبدیلی کرکے ماہانہ کر دیا گیا۔ چیف جسٹس نے کہاکہ رقم کی وصولی کے نوٹیفکیشن میں کس نے تبدیلی کی وہ سامنے آئے۔ ملک میں پانی کی پہلے ہی شدید قلت ہے ایسے اقدامات سے ملک کو خشک کرنا چاہتے ہیں، عدالت نے کہاکہ لوگوں کے پاس پینے کا صاف پانی نہیں ہے۔ جس پانی کو استعمال میں لایا جا رہا ہے وہ پینے کا پانی ہے۔ اپنے نفع کی خاطر شہریوں کو پانی سے محروم کیا جا رہا ہے۔ چیف جسٹس پاکستان نے باور کرایا کہ سیمنٹ کمپنی کی وجہ سے کٹاس راج کا بیڑا غرق ہو گیا، چیف جسٹس نے واضح کیا کہ سی پیک منصوبے کی تکمیل کے لئے سیمنٹ کمپنی بند نہیں کرنا چاہتے۔ چیف جسٹس نے پنجاب ووکیشنل ٹریننگ سینٹر میں بجٹ بڑھانے سے متعلق معاملہ نظرثانی کے لئے نئی حکومت کو بھجوا دیا ۔ ٹریننگ سینٹر کی خاتون افسر کا موقف تھا کہ ووکیشنل ٹریننگ کے ادارے میں بجٹ میں کٹوتیاں کی گئیں ۔ ساڑھے پانچ ہزار ملازمین کو عید سے قبل تنخواہیں نہیں ملیں گی۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ حکومت تبدیل ہو رہی ہے معاملہ نئی حکومت کے علم میں آنے تک کوئی فیصلہ نہیں کر سکتے۔ چیف جسٹس نے ماحولیاتی آلودگی سے بچاﺅ اور ماحول کی بہتری کیلئے نظام وضع کرنے کی ہدایت کی ہے اور زور دیا ہے کہ ماحول کی بہتری کا معاملہ بچوں کے مستقبل سے جڑا ہوا ہے۔ بنچ نے اظہار افسوس کرتے ہوئے کہاکہ ماحولیاتی آلودگی سے شہریوں کی صحت خراب ہو رہی ہے۔ بچوں کے بہتر مستقبل کے لئے انہیں بہتر ماحول فراہم کریں اس لیے سوچ کو تبدیل کرنا ہوگا۔ ڈائریکٹر جنرل محکمہ ماحولیات نے بتایا کہ سموگ کے خدشے کے پیش نظر سٹیل ملوں کو بند کیا جارہا ہے اور بینک گرانٹی کے بغیر سٹیل ملیں نہیں کھولی جا رہیں۔ سپریم کورٹ نے بادشاہی مسجد سے چوری ہونے والے نعلین پاک کی بازیابی کے معاملہ میں آئی جی پنجاب سے رپورٹ طلب کر لی۔ چیف جسٹس نے قرار دیا کہ نعلین پاک بازیاب کیوں نہیں ہوئے اس بارے عدالت کو آگاہ کیا جائے۔ پیر ایس اے جعفری نے عدالت میں نعرے بازی کی کوشش کی تو پولیس اہلکار متحرک ہو گئے۔ چیف جسٹس نے مسکراتے ہوئے درخواست گزار کوکمرہ عدالت سے باہر جانے کی اجازت دے دی۔ تحریک انصاف کے ترجمان فواد چودھری نے کہا ہے کہ اوورسیز پاکستانیوں کیلئے بڑا دن ہے ،سپریم کورٹ نے اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دیدیا۔ ٹوئٹر پر پیغام میں فواد چودھری نے اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق ملنے پر مبارکباد دیتے ہوئے سپریم کورٹ کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے۔
اوورسیز پاکستانی ووٹ