لاہور (خبر نگار) مسلم لیگ ق کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ عمران خان پہلے وزیراعظم ہیں جو عوام کی طاقت سے بن کر آئے ہیں اس سے پہلے مجھ سمیت 21 وزیراعظم بنائے گئے تھے جبکہ ان میں سے دو وزیراعظم میں نے خود اپنے ہاتھ سے بنوائے تھے۔ انہوں نے عمران خان کو دلی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان 22 سال ایک مقصد اور ایک سوچ کے ساتھ محنت کرکے وزیراعظم منتخب ہوئے ہیں جبکہ اس سے پہلے کوئی بھی ایسے وزیراعظم نہیں تھے جو عملی طور پر تگ و دو کر کے اس منصب پر پہنچے ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب کو چاہئے کہ ان کے عوام کی خدمت کرنے کے جذبہ کی قدر کریں اور معیشت کی بحالی کا انہوں نے جو عزم کیا ہے اس میں ان کا ساتھ دیں، اپنے اختلافات کو بھول جائیں تاکہ عمران خان اپنے 22 سالہ مقصد کو پورا کر سکیں۔ مسلم لیگ ق کے سینئرمرکزی رہنما چودھری پرویزالٰہی کو سپیکر پنجاب اسمبلی منتخب ہونے کے بعد چودھری شجاعت حسین اور ان کی رہائش گاہ پر مبارکباد دینے والوں کا رش رہا۔ نگران وزیراعلیٰ پنجاب پروفیسر سید حسن عسکری رضوی نے بھی انہیں گلدستہ پیش کیا۔ ان کے علاوہ مبارکباد دینے والوں میں نگران وزیر قانون ضیاءایچ رضوی، پی ٹی آئی اور مسلم لیگ ق کے ارکان اسمبلی، رہنما اور ممتاز شخصیات بھی شامل تھیں۔ چودھری پرویزالٰہی نے ان سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کی کامیابی اللہ کریم کے فضل سے ممکن ہوئی وہ عمران خان، پی ٹی آئی، ارکان اسمبلی اور تمام دوستوں و ساتھیوں کے تہہ دل سے مشکور ہیں۔ چودھری پرویزالٰہی نے پروفیسر حسن عسکری کو نگران دور کامیابی سے اور بلا کسی تنقید کے احسن طور پر مکمل کرنے اورغیرجانبداری سے الیکشن کرانے پر سراہا۔ نگران وزیراعلیٰ حسن عسکری کا کہنا تھا آپ نے بطور وزیراعلیٰ پنجاب ایسے کام کئے جن کی مثال نہیں ملتی۔ چودھری شجاعت حسین اور چودھری پرویزالٰہی نے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کو وزیراعظم منتخب ہونے پر دلی مبارکباد پیش کی ہے۔
شجاعت/ مبارکباد