قائداعظم، اقبال کا پاکستان چاہئے جمائمہ کے سابق شوہر کا نہیں: مشاہداللہ

اسلام آباد (صباح نیوز) مسلم لیگ کے مرکزی رہنما سینیٹر مشاہداللہ خان نے کہا ہے کہ ہمیں قائداعظم محمدعلی جناح اور علامہ اقبال کا پاکستان چاہیے جمائمہ کے سابق شوہر کا پاکستان نہیں چاہیے، ووٹ کو عزت دو کا مقابلہ ایسی قوتوں سے ہے جنہوں نے کھلاڑی کو وزیراعظم بنایا ہے، عمران خان جعلی وزیراعظم ہیں اگر اصلی وزیراعظم ہوتے تو ان کی مدت ہم خود مکمل کرواتے، مسلم لیگ ن کا مقابلہ تحریک انصاف کے ساتھ نہیں ہے ان کو ایوان میں لانے والوں کے ساتھ ہے۔ ان خیالات کا اظہار مسلم لیگ کے مرکزی رہنما سینیٹر مشاہداللہ نے پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سینیٹر مشاہداللہ نے کہا کہ ہمارا مقابلہ سیاسی لوگوں سے نہیں غیرسیاسی لوگوں سے ہے، اپوزیشن اتحاد کے حوالے سے ہم نے اپناوعدہ پورا کیا کیوں کہ ہم وعدوں کو قرآن وحدیث سمجھتے ہیں۔ جو کوئی اصولوں سے انحراف کرتا ہے لوگ اس کو یاد رکھتے ہیں، سابق صدرآصف علی زرداری کے حوالے سے کوئی بات نہیں کروں گا البتہ بلاول نوجوان ہے اس کو اصولی سیاست کرنی چاہیے۔

ای پیپر دی نیشن