چاغی (اے پی پی) چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ جسٹس محمد نور مسکانزئی نے کہا ہے کہ معاشرے کی بہتری کے لئے سب کو کردار ادا کرنا چاہئیے، حکومت ہر چیز ٹھیک نہیں کرسکتی، عدلیہ ہر ممکن حد تک لوگوں کو انصاف فراہم کررہی ہے، باقی اداروں کو بھی اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے پوری کرنا چاہئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے داؤد آباد دالبندین میں 7 کروڑ 95 لاکھ روپے کی مالیت سے تعمیر ہونے والے جوڈیشل کمپلیکس کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر جسٹس محمدہاشم کاکڑ، چاغی بار ایسوسی ایشن کے صدر شکور بادینی ایڈووکیٹ ودیگر نے بھی خطاب کیا۔ چیف جسٹس محمد نور مسکانزئی کا کہنا تھا کہ انصاف کے بغیر کوئی معاشرہ ترقی نہیں کرسکتا، اسی لیے دور دراز علاقوں کے عوام کو ان کے دہلیز پر انصاف کی فراہمی ممکن بنارہے ہیں۔