وزارت بین الصوبائی رابطہ کی پی سی بی امور پر جامع پریزنٹیشن کی تیاری شروع

لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس ) وزارت بین الصوبائی رابطہ نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے تمام امور پر جامع پریذنٹیشن کی تیاری کا آغاز کر دیا۔نئی حکومت کی تشکیل کے بعد جہاں بڑے اداروں میں تبدیلیوں کا موسم آنے والا ہے، وہاں پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین کی تبدیلی کی بازگشت بھی سنائی دے رہی ہے، وزارت بین الصوبائی رابطہ نے بورڈ میں ہونے والے فیصلوں، پاکستان سپر لیگ اور دیگر امور کے حوالے سے تمام تر تفصیلات طلب کرلی ہیں۔لا ڈویژن کے افسر نے کہا کہ نامزد وزیراعظم عمران خان خود بھی کرکٹر رہے ہیں، اس لیے وزارت بین الصوبائی رابطہ پاکستان کرکٹ کو موثر انداز میں چلانے کے لیے پلان تشکیل دے گی۔انھوں نے کہاکہ پاکستان کرکٹ بورڈ خود مختار ادارہ اور اپنے وسائل سے کام کرتا ہے، آئین کے تحت تمام سپورٹس فیڈریشنز کو مستقل وزارت کا حصہ بنانے کے لیے پی سی بی کو پاکستان سپورٹس کے ساتھ منسلک کیا گیا ہے۔ پیٹرن ان چیف کا چارج سنبھالنے کے بعد وزیراعظم پی سی بی کے بورڈ آف گورنرز کا اجلاس طلب کرنے کی ہدایت دیں گے،اس کے بعد نئے چیئرمین کا انتخاب عمل میں لایا جائے گا۔یاد رہے کہ پی سی بی میں اس وقت965 ملازم ہیں، ان میں407 ریگولر، 212 کنٹریکٹ، 2 افسران ڈیپوٹیشن، 253 ریجنل اسٹاف موجود ہیں، نئے سیٹ اپ میں یہ تعداد بھی کم کی جا سکتی ہے۔

ای پیپر دی نیشن