سرینگر/نئی دہلی (آئی این پی )مقبوضہ کشمیر میں مودی سرکار کے مظالم سے تنگ آکر بھارتی فوج میںبھی پھوٹ پڑ گئی ،بھارتی فوج کے کرنل نے اپنی حکومت کے نہتے کشمیریوں پر ظلم ڈھالنے کے احکامات ماننے سے انکار کرتے ہوئے استعفیٰ دیدیا ۔ تفصیلات کے مطابق بھارتی فوج کے کرنل وجے اچاریہ نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر کئے گئے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا کہ میں بھارتی فوج کا کرنل وجے اچاریہ نے استعفیٰ دے کر نئی دہلی واپس جانے کا فیصلہ کیا ہے ،میرے استعفے کی وجہ کشمیر ہے ،میرا مطلب ہم کیسے اپنے لوگوں کو مار سکتے ہیں ۔ کرنل وجے اچاریہ نے انکشاف کیا کہ گزشتہ رات پاکستان نے میری یونٹ کے 25جوانوں کو ہلاک کیا لیکن میڈیا کی طرف سے کوئی کوریج نہیں کی گئی کیوں؟مزید برداشت نہیں کرسکتا ،’بائے انڈین آرمی‘۔بھارتی فوج کے کرنل وجے اچاریہ نے ٹویٹر پر اپنے پیغام کیساتھ اپنی تصویر بھی شیئر کی ہے ۔دوسری طرف بھارتی فوج کے کرنل وجے اچاریہ کی جانب سے مذکورہ ٹویٹ کے بعد ان کا ٹویٹر اکائونٹ بند کردیا گیا۔