اسلام آباد (سپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)نے اپنے آئین میں بڑی تبدیلیاں کر دی ہیں جس کے تحت بیشتر اختیارات بورڈ آف گورنرز کو حاصل ہوں گے ۔ پی سی بی کے ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے نئے آئین کی منظوری بھی دے دی ہے۔ ذرائع کے مطابق پی سی بی کے نئے آئین میں چیئرمین اور چیف ایگزیکٹیو آفیسر کے دو اہم عہدے ہو ں گے۔مینیجنگ ڈائریکٹر (ایم ڈی) کا عہدہ ختم کرنے کے بعد چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) کا نیا عہدہ متعارف کرایا گیا ہے ۔نئے آئینمیں پیٹرن انچیف( وزیر اعظم ) کا کرداربھی محدود کردیا گیا ہے جو ضرورت پڑنے پر بورڈ کو مختلف ہدایات نظرثانی کیلئے بھیج سکے گا جبکہ سابقہ آئین میں پیٹرن انچیف کی جانب سے بھیجی گئی تمام سفارشات پر عملدرآمد لازمی تھا۔خیال رہے پاکستان کرکٹ بورڈ کے پیٹرن ان چیف وزیراعظم عمران خان ہیں۔ذرائع کے مطابق نئے آئین میں چیئرمین پی سی بی کے پالیسی فیصلوں سے متعلق پیٹرن انچیف کو آگاہ کرنے کی شق بھی ختم کر دی گئی ہے۔اس کے علاوہ چیئرمین کا اہم تعیناتیوں کیلئے چیف ایگزیکٹو آفیسر اور بورڈ آف گورنرز سے منظوری لینا لازمی قرار دیا گیا ہے جبکہ قومی ٹیم کے کپتان اور نائب کپتان کی تعیناتی کیلئے چیئرمین، چیف ایگزیکٹو آفیسر اور سلیکشن کمیٹی سے مشاورت کرنا ضروری ہو گی۔نئے آئین کی روشنی میں چیئرمین پی سی بی سالانہ کارکردگی رپورٹ اے جی ایم کے سامنے پیش کرنے کے پابند ہوں گے جبکہ ان کی عدم موجودگی میں تمام اختیارات وائس چیئرمین کو سونپے جائیں گے۔وائس چیئرمین کی تعیناتی پی سی بی آئین کے مطابق بورڈ آف گورنرز کر ے گااور انکی عدم موجودگی میں اختیارات سی ای او کے سپرد ہوں گے۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے سی ای او کی تعیناتی اور ذمہ داریوں کا تعین چیئرمین کی سفارش پر بورڈ آف گورنرز کرے گا۔ذرائع نے بتایا ہے کہ سی ای او کی غیرموجودگی یا برطرفی کی صورت میں چیئرمین عارضی اختیارات کسی بھی افسر کو سونپنے کے مجاز ہوں گے۔نئے آئین کے مطابق سی ای او اپنی کوئی ذمہ داری کسی بھی افسر کو سونپ سکتے ہیں لیکن اس پہلے چیئرمین کو آگاہ کرنا ضروری ہو گا۔ ذرائع کے مطابق نئے آئین میں 11ریجنز کی تعداد کم کرکے 6کر دی گئی ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے آئین میں بڑی تبدیلیاں‘ وفاقی کابینہ نے نئے آئین کی منظوری دیدی
Aug 18, 2019