کراچی (نیوز رپورٹر)جماعت اہلسنّت پاکستان کراچی کے امیر علامہ شاہ عبد الحق قادری،مولانا ابرار احمد رحمانی، علامہ عبد الحفیظ معارفی، مفتی احمد علی شاہ سیفی،علامہ عبد القادر شاہ شیرازی،مولانا عاشق سعیدی،محمد جمیل احمد امینی، مولانا سعید احمد قاسمی،محمد اظہر خان قادری نے ایک مشترکہ بیان میں کنٹرول لائن پر بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ کی مذمت کر تے ہوئے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر سے توجہ ہٹانے کیلئے ایل او سی کی خلاف ورزیاں کر رہا ہے۔ انہوں نے بھارتی فائرنگ کے نتیجے میں شہید فوجی جوانوں کے لواحقین کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وطن کے دفاع کے لئے جانوں کا نذرانہ دینے والے ملک و قوم کا فخر ہیں۔ رہنمائوں کا کہنا تھا کہ ہماری اس وطن سے محبت کسی سے کم نہیں اکابرین نے آزاد وطن کے حصول کے لئے قربانیاں دیں اچھی طرح سمجھ لینا چاہیے ملک کے تحفظ کی خاطر قربانی پیش کر نا حب الوطنی کی انمنٹ دلیل ہے ۔ پاکستان کے غیو ر عوام ملکی دفاع و سلامتی کیلئے کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں کریں گے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ مقبوضہ جموں کشمیر میں بھارت انسانی حقوق کے عالمی قوانین کی دھجیاں اڑا رہا ہے ، کرفیو لگا کر کشمیر کو قید خانے میں تبدیل کر دیا گیا ہے ۔بھارت طاقت کے زور پر کشمیریوں کو محکوم نہیں بنا سکتا ،عالمی برادری بھارتی جارحیت کے خلاف اپنا کردار ادا کرے۔
شہید فوجی جوانوں پر ملک و قوم کوفخر ہے، شاہ عبد الحق
Aug 18, 2019