لاہور(نمائندہ سپورٹس) لاہور قلندرز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عاطف رانا کا کہنا ہے کہ نوجوانوں کو کھیل اور صلاحیتوں کے اظہار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے مالی نقصان کو برداشت کرنا پڑتا ہے کیونکہ یہ ایسی سرمایہ کاری ہے جو فوری طور پر کوئی فائدہ نہیں دیتی، ایسے منصوبوں کا فائدہ برسوں بعد ملتا ہے۔ مختصر مدت میں پراڈکٹ بنانے کے لیے کچھ کھلاڑی ضرور مل جاتے ہیں لیکن پلیئرز ڈیویلپمنٹ جیسے پروگرامز درحقیقت نسلوں کو سنوارنے کے لیے ہوتے ہیں۔ ایسے منصوبے نوجوانوں، کھیل اور ملک کی محبت میں کیے جاتے ہیں۔ ہمیں خوشی ہے کہ لاہور قلندرز کے پلیٹ فارم سے کئی نوجوان کھلاڑیوں کو صلاحیتوں کے اظہار کا موقع ملا ہے۔ کئی بچوں کی زندگیاں بدل گئی ہیں، کئی سینئر کرکٹرز کوچنگ کرتے ہوئے کھیل کے میدان میں واپس آئے ہیں۔ ہم اسی عزم کے ساتھ کام کر رہے ہیں کہ کرکٹ کے ذریعے نوجوانوں کو متحرک کرنا ہے، سینئرز کے تجربے سے فائدہ اٹھانا ہے، اپنے لوگوں کی صلاحیتوں کو نکھارنا ہے۔ اب تک اس میں کامیاب رہے ہیں۔ اس میں کچھ شک نہیں کہ یہ تمام سرگرمیاں پاکستان سپر لیگ کے ساتھ منسلک ہیں اور پی ایس ایل میں ہمارے نتائج اچھے نہیں رہے لیکن ہم اپنے مقصد کے ساتھ جڑے ہوئے ہیں۔ پاکستان سپر لیگ میں ہمارے نتائج اچھے ہوں تو سال بھر جاری رہنے والی سرگرمیوں کا سب سے زیادہ فائدہ بھی ملک کے نوجوانوں کو ہو گا۔ افواج پاکستان کی دن رات محنت اور قربانیوں کے بعد ملک میں امن و امان بحال ہوا ہے۔ ایک دہائی تک جاری رہنے والی دہشت گردی کی وجہ سے بنیادی ڈھانچہ تباہ ہو کر رہ گیا تھا اس تباہی کے اثرات آج بھی نظر آتے ہیں اس وجہ آج بھی کام کرنے میں بہت سے مسائل اور رکاوٹوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے لیکن ہم ڈٹے ہوئے ہیں اور ملک کے نوجوانوں کے لیے کھیل کی سہولیات فراہم کرنے کے منصوبوں پر کام کر رہے ہیں۔