اسلام آباد (نوائے وقت نیوز) پاکستان پوسٹ نے پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کے گزشتہ ایک سال کے دوران اپنی پیشہ وارانہ و مالیاتی خدمات کو جدید خطوط پر استوار کرتے ہوئے خدمات کی برقی مواصلاتی آلات پر منتقلی، نیشنل بینک آف پاکستان کے اشتراک سے تارکین وطن کے ترسیلات زر وطن بھجوانے، ڈاک کی بین الاقوامی ترسیل سمیت متعدد انقلابی اقدامات کے تحت نہ صرف زبوں حالی کے شکار محکمہ کو اپنے پائوں پر کھڑا کیا بلکہ ملکی معیشت میں اپنا بھرپور حصہ ڈالنے کی جانب اہم پیشرفت کی ہے۔ پاکستان پوسٹ کے ترجمان ذاکر اﷲ خان نے محکمہ ڈاک کی ایک سالہ کارکردگی کے حوالے سے موجودہ حکومت کی طرف سے اٹھائے گئے اقدامات کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ وفاقی وزیر پوسٹل سروسز مراد سعید نے قلم دان سنبھالنے کے موقع پر اعلان کیا تھا کہ پاکستان پوسٹ میں بے پناہ صلاحیت ہے ہم صرف چھ ماہ میں پاکستان پوسٹ کی تقدیربدل کے رکھ دیں گے اور بالخصوص گزشتہ چھ ماہ میں ایسے اقدامات اٹھائے گئے جن کے باعث محکمہ اپنی مالی زبوں حالی پر قابو پا کر اپنے پائوں پرکھڑا ہونے اورایک فعال اورمنافع بخش ادارہ بننے کی منزل کے بالکل قریب پہنچ گیا ہے۔ وفاقی وزیر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ خود احتسابی ہمارے لئے محض ایک سیاسی نعرہ نہیں بلکہ یہ ہمارے ایمان کا حصہ ہے اور یہی وجہ ہے کہ ملک گیر وسیع و عریض نیٹ ورک کا حامل ادارہ جذبہ قومی خدمت سے سرشار ہو کر ملک کا ایک فعال ادارہ بن کر ابھرا، اس سے قبل پاکستان پوسٹ جیسے قومی ادارے کی دگرگوں اورانتہائی ناگفتہ بہ مالی صورتحال سب پر عیاں تھی۔ مالی خسارہ روز بروز بڑھ رہا تھا اوراخراجات میں بے تحاشہ اضافہ ادارے کے بوجھ کوناقابل برداشت حد تک لے جا چکا تھا اور محکمہ کی نجکاری کی باتیں ہو رہی تھیں۔ یہ قومی ادارہ بھی دیگر قومی اداروں کی طرح ماضی کی حکومتوں کے ناروا سلوک کاشکاربن چکاتھا۔ موجودہ حکومت نے اپنی صلاحتیوں اوربھر پور توجہ کو اس ادارے کی بہتری اوراسے مالی بحران سے نکالنے کے لیے صرف کیا۔ چھ ماہ کے دوران نئی اورجدیدسروسز کے آغاز اوراخراجات میں کمی کی وجہ سے ادارہ معاشی خودکفالت کی منزل تک پہنچ گیا جس کے بعد اگلے چھ ماہ میں ادارے کو منافع بخش بنانے اور اس کے دائرہ کار کو عالمی ترسیلات کی منڈی سے منسلک کرنے کے اقدامات کئے گئے اور نت نئی سروسز متعارف کرانے اور مارکیٹ میں ادارے کا جائز حصہ دلانے اور خدمات کو عالمی معیارات کے مطابق ڈھالنے کے لئے اقدامات اٹھائے گئے اورصارفین کا اعتماد بحال کرنے کے لئے محکمہ میں سزا و جزا کا نظام متعارف کرایا گیا۔ پاکستان پوسٹ کی جانب سے شروع کی جانے والی نئی اور جدید سروسزکا ذکرکرتے ہوئے ترجمان نے بتایا کہ ان اقدامات میں موبائل ایپلی کیشن الیکٹرانک منی آرڈر کی گھر کی دہلیز پر ترسیل، ای۔کامرس ، اسی روز سامان کی ترسیل، نادرا کے اشتراک سے 100 ڈاکخانہ جات میں شناختی کارڈ کی تجدید جیسی سہولیات کے اجراء کے لئے اقدامات،فرنچائز پوسٹ آفسز کا قیام، ملک کی لاجسٹک مارکیٹ میں شمولیت، سرکاری۔ نجی شراکت داری کی طرز پرلاجسٹک شعبہ میں استعداد کار میں اضافہ کے لئے ڈیڑھ ارب ڈالر کی غیر ملکی براہ راست سرمایہ کاری کے اقدامات شامل ہیں
مراد سعید کی بدولت محکمہ ڈاک منافع بخش ادارہ کی منزل کے قریب پہنچ گیا، ،ترجمان
Aug 18, 2019