مری میں پارکنگ پلازہ کی تعمیر کیلئے فزیبلٹی رپورٹ کی تیاری کا فیصلہ

Aug 18, 2020

لاہور(پ ر)وزیرہاؤسنگ و اربن ڈویلپمنٹ پنجاب میاں محمود الرشید کی زیرصدارت مری امپرومنٹ ٹرسٹ کا اجلاس ہوا جس میں مری میں تجاوزات کے خاتمے، پارکنگ پلازہ کی تعمیر اور واٹرسپلائی پروگرام کے حوالے سے تفصیلی غوروخوض کیا گیا۔ ایم این اے صداقت عباسی،ایم پی اے لطافت ستی، اسسٹنٹ کمشنر مری اور مری امپروومنٹ ٹرسٹ کے حکام اجلاس میں شریک ہوئے۔ اجلاس کے دوران مری میں پارکنگ پلازہ کی تعمیر کے حوالے سے پریزنٹیشن دی گئی۔ اس موقع پر پارکنگ پلازہ کی تعمیر کی فزیبلٹی رپورٹ کسی مستند فرم سے تیار کرانے کا فیصلہ کیا گیا۔ میاں محمودالرشید نے ہدایت کی کہ مری میں ٹریفک کو رواں دواں رکھنے کے لئے تجاوزات کے خلاف آپریشن یقینی بنایا جائے۔ اجلاس کے دوران مری میں تجاوزات کے خاتمے کی نگرانی کے لئے کمیٹی بھی تشکیل دی گئی۔وزیرہاؤسنگ نے مزید ہدایت کی کہ مری کے عوام کو صاف پانی کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے مری بلک واٹر سپلائی پروگرام کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کی جائیں۔

مزیدخبریں