مقبوضہ بیت المقدس، مسقط، ابوظہبی (نوائے وقت رپورٹ) اسرائیلی وزیراعطم نیتن یاہو نے میڈیا سے خصوصی گفتگو میں کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات اور اسرائیل ملکر خطے میں امن کیلئے کام کریں گے۔ شدت پسندوں اور دہشت گرد گروہوں، معیشت خطے کو درپیش چیلنجز سے ملکر نمٹیں گے۔ یو اے ای اسرائیل تعلقات پر ایران کا ردعمل غیر متوقع و حیران کن ہے۔ علاوہ ازیں اسرائیلی وزیر خارجہ نے سلطنت عمان کے ہم منصب یوسف بن علوی سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا۔ وزارت خارجہ عمان کے مطابق دونوں رہنمائوں نے مشرق وسطیٰ میں تبدیل ہونے والی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ فلسطین کی فتح پارٹی کے سیرکٹری جنرل نے بھی عمانی وزیر خارجہ سے رابطہ کیا‘ جبریل الدجوب نے سلطنت عمان کی متوازن پالیسیوں کو سراہا۔ دوسری طرف متحدہ عرب امارات نے کہا ہے کہ اسرائیل کے ساتھ معائدہ ایک خود مختار فیصلہ تھا اور یہ ایران کی ہدائت پر نہیں کیا گیا۔ وزیرخارجہ نے صحافیوں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہم پہلے بھی یہ کہہ چکے ہیں اور آئندہ بھی یہ کہیں گے کہ اپنے فیصلوں میں ہم کسی کی مداخلت برداشت نہیں کرتے۔