سماہنی‘ تتہ پانی (راجہ غلام محی الدین‘ نامہ نگار) لائن آف کنٹرول سماہنی سیکٹر میں چاہی اور بڑوھ میں بھارتی فوج کی سویلین آبادی پر اندھا دھند مارٹر شیلنگ کے نتیجہ میں 3شہری زخمی‘ 4 پالتو جانور ہلاک 5زخمی ہو گئے۔ 2 گاڑیاں مارٹر بمباری کے دوران چھلنی ہو گئیں۔ سونا ویلی میں گورنمنٹ سکول اور شفاء خانہ حیوانات کی عمارتیں کھڑکیاں دیواریں اور فرنیچر شیل لگنے سے چھلنی ہوئے۔ پاک فوج کے کرارا جواب پر دشمن کی گنیں خاموش ہو گئیں۔ شہری کئی گھنٹے گھروں اور مختلف مقامات پر محصور رہے۔ نظام زندگی بھی مارٹر شیلنگ سے متاثر رہا۔ متعدد عمارتوںکی چھتوں میں شگاف، دیواریں چھلنی ہو گئیں۔ سب ڈویژن سماہنی کے لائن آف کنٹرول پر گنجان آبادی کے علاقوں چاہی، سونا ویلی اور بڑوھ گاہی میں مارٹر بمباری سے شہری آبادی میں ہونے والے نقصانات بارے وہاں تعینات محکمہ مال کے ویلیج آفیسر محمد عظیم داد نے بتایا کہ محمد ساجد ولد محمد ارشاد چاہی کھرالی، محمد عبداللہ ولد محمد صغیر چاہی ٹھاکرہ موڑا، زاہدہ بی بی دختر کرم داد، چاہی ڈھیری زخمی ہوئے ہیں جنہیں ایم ڈی ایس بھمبر منتقل کیا گیا ہے۔ بڑوھ گاہی میں محمد شریف ولد محمد صدیق کی ایک بھینس اور دو بچھڑے ہلاک ہوئے ہیں۔ نور حسین ولد رحیم کی چھت میں شگاف پڑ گیا ہے۔ نعیم اختر ولد محمد یونس کی دو گائے زخمی ہوئی ہیں۔ سونا ویلی میں ویٹرنری ڈسپنسری کی عمارت 120mmکے ہیوی گولہ سے بری طرح متاثر ہوئی۔ عمارت کی دیواریں، کھڑکیاں ٹیبل کرسیاں، اور موجود طبی آلات تباہی سے دو چار ہوئے تاہم موجود عملہ محفوظ رہا۔ شفا خانہ حیوانات کے قریب ظفر اقبال ولد محمد صدیق کے رہائشی مکان کی دیواریں چھلنی جبکہ آٹھ کھڑکیاں تباہی سے دو چار ہوئیں۔ سونا ویلی گورنمنٹ بوائز مڈل سکول کے احاطہ کے قریب مارٹر بمباری اور ایئر بلاسٹ سے سکول کی عمارت کی دیواریں، کھڑکیاں اور دروازے کلاس رومز کا فرنیچر بھی تباہی سے دوچار ہوئے۔ چاہی میں عابد حسین ولد منظور کی 2 گاڑیاں ایک کی سیکرین جبکہ دوسری کے ٹائر بلاسٹ ہوئے ہیں۔ شاہد محمود ولد شریف کی بکری اور گائے زخمی ہیں۔ محمد شبیر ولد غلام علی ڈنگ ٹال کی ایک پالتو بکری ہلاک ہوئی۔ عبدالخالق ولد تعظیم اقبال پرویز اقبال وغیرہ کی 4 بھنسیں زخمی ہوئی ہیں۔ سول آبادی پر مارٹر شیلنگ پر مسلح افواج پاکستان نے دندان شکن جواب دیا جس سے بھارتی توپوں سے گولے اگلنے کا سلسلہ تھم گیا۔ تاہم لائن آف کنٹرول پر فائرنگ وگولہ باری کا سلسلہ وقفہ وقفہ سے جاری ہے۔ لائن آف کنٹرول پر تتہ پانی گوئی سیکٹر میں بھارتی فوج کی بربریت کا شکار خاتون زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ڈی ایچ کیو ہسپتال میںجام شہادت نوش کرگئی۔ شہید خاتون اور اسکی دس سالہ بیٹی چار روز قبل بھارتی فوج کی گھر پر ٹارگٹ فائرنگ کے نتیجہ میں شدید زخمی ہوگئی تھیں، شہید خاتون کو آبائی گائوں کے قبرستان میں سینکڑوںسوگواروں کی موجودگی میں سپردخاک کردیا گیا۔ نمازجنازہ میں سیاسی، سماجی شخصیات اور دیگر تمام مکاتب فکر کے افراد شریک ہوئے۔ چار روز قبل 12/13اگست کی درمیانی شب کو لائن آف کنٹرول پر تتہ پانی گوئی سیکٹر میں واقع گائوں بٹالی میںبھارتی فوج نے محمد رفیق چوہدری کے گھر کو ٹارگٹ فائرنگ کے ذریعے نشانہ بنایا جس کے نتیجہ میںشدید گرمی میں بجلی کی بندش کے باعث گھر کے صحن میں سوئی انکی اہلیہ شکیلہ بی بی اور دس سالہ بیٹی عائشہ رفیق زد میں آکر شدید زخمی ہوگئی تھیں جنہیں ڈی ایچ کیو ہسپتال میں پہنچایا گیا تھا جہاں گزشتہ شب انکی اہلیہ شکیلہ بی بی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جام شہادت نوش کرگئی ہے، جبکہ اسکی بیٹی عائشہ رفیق تاحال زیر علاج ہے۔
کنٹرول لائن، بھارتی شیلنگ سے خاتون شہید، 3 شہری زخمی، پاک فوج کا منہ توڑ جواب
Aug 18, 2020