سائوتھمپٹن: پاکستان‘ انگلینڈ  دوسرا ٹیسٹ بے نتیجہ ختم‘ میزبان ٹیم  کو سیریز میں 1-0 کی برتری

سائوتھمپٹن (سپورٹس ڈیسک) پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان سیریزکا دوسرا ٹیسٹ میچ بارش سے متاثر ہونے کے بعد برابری پر ختم ہوگیا۔ جبکہ انگلینڈ نے آخری روز 4 وکٹوں پر 110 رنز بنائے تھے۔ ساؤتھمپٹن میں کھیلا گیا میچ مسلسل بارش سے متاثر ہوا اور کھیل مکمل نہ ہوسکا۔ میچ کے پانچویں اور آخری روز بھی بارش کے باعث کھیل تاخیر سے شروع ہوا اور انگلینڈ نے دوسری وکٹ میں 90 رنز کا اضافہ کیا۔ زیک کراؤلی53 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جس کے بعد 92 کے سکور پر ڈوم سبلے 32 رنزبنائے جبکہ اولی پوپ بھی 105 کے مجموعے پر 9 رنز بنا کر یاسر شاہ کا شکار بنے۔ میچ برابری پر ختم کرنے کافیصلہ کیا گیا تو انگلینڈ نے4 وکٹوں پر 110 رنز بنائے تھے۔ جوروٹ 9 رنز بنا کر کھیل رہے تھے جبکہ جوزبٹلر نے کھاتہ نہیں کھولا تھا۔ پاکستان کی جانب سے محمد عباس نے 2 وکٹیں حاصل کیں، شاہین شاہ آفریدی اور یاسر شاہ نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ قبل ازیں ساؤتھمپٹن ٹیسٹ میں 4 دنوں میں صرف 96.2 اوورز کا کھیل ممکن ہوسکا اور پاکستان کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 236 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔ انگلینڈ کی ایک وکٹ گرگئی تھی۔گزشتہ روز شاہین شاہ آفریدی نے انگلینڈ کے اوپنر روری برنس کو ایک رن پر آؤٹ کردیا تھا جس کے بعد انگلینڈ نے 5 اوورز بیٹنگ کی تھی۔ انگلینڈ نے بارش کے باعث چوتھے روز کا کھیل قبل از وقت ختم کرنے سے پہلے ایک وکٹ پر 7 رنز بنائے تھے۔ قبل ازیں پاکستان نے چوتھے روز اپنی اننگز ختم کی تھی اور 236 رنز بنائے تھے، جس میں محمد رضوان کی ذمہ دارانہ 72 رنز کی اننگز شامل تھی۔ سٹورٹ براڈ نے پاکستان کے 4 بلے بازوں کو آؤٹ کیا اور اپنی ٹیم کے کامیاب باؤلر رہے۔ واضح رہے کہ انگلینڈ نے پہلے میچ میں 3 وکٹوں سے کامیابی حاصل کرکے سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر رکھی ہے۔

ای پیپر دی نیشن