نیب نے بطور ملزم نہیں گواہ بلایا، عمران کا ہمیشہ مجھ پر اعتماد رہا: عثمان بزدار

Aug 18, 2020

لاہور (نیوز رپورٹر‘ کامرس رپورٹر) وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں ون ونڈو سمارٹ سروس سینٹرکا افتتاح کیا۔ جس میں فراہم کی جانے والی سہولتوں کا جائزہ لیا۔ سمارٹ سروس سینٹر میں تمام سہولتیں یکجا کرنے کے اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے کیلئے ون ونڈو سمارٹ سروس سینٹرکا قیام خوش آئند ہے۔ صدر لاہور چیمبر آف کامرس عرفان اقبال شیخ نے وزیراعلیٰ کو ون ونڈو سمارٹ سروس سینٹرمیں فراہم کردہ سہولتوں کے بارے میں بریفنگ دی۔ عثمان بزدار نے صنعتکاروں اور تاجروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سٹیٹ آف دی آرٹ ون ونڈو سمارٹ سروس سینٹرمیں بہترین سہولتیں فراہم کی گئی ہیں۔ عمران خان کی قیادت میں بروقت فیصلے کر کے کرونا کا پھیلاؤ روکا۔ دیگر ملکوں کے مقابلے میں پاکستان میں کرونا کے حوالے سے صورتحال بہت اچھی ہے۔ پنجاب حکومت صنعتکاروں اور تاجروں کیلئے آسانیاں پیدا کررہی ہے۔ امن و امان کی صورتحال دیگر صوبوں کی نسبت بہت بہتر ہے۔ ماڈل پولیسنگ کے نظام کو ہر شہر تک لے کر جائیںگے۔ ماضی میں پولیس کو سیاسی طورپر استعمال کیا جاتا تھا۔ ہم نے پولیس کو بااختیار بنایا ہے۔ زرعی ریسرچ اداروں کو اب کام کرکے دکھانا ہوگا۔ ہر ادارہ کام ٹھیک کرے گا تو معاملات خود بخود درست ہوجائیںگے۔ صنعتکاروں اورتاجروں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیںگے۔ پنجاب حکومت صنعتکاروں اور تاجروں کو ہر ممکن سہولتیں دے گی۔ عثمان بزدار کو فیڈریشن کے دورے کی دعوت دی۔ دریں اثناء وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میںمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نیب نے مجھے بلایا اور میں پیش ہوا۔ جس طرح میں اکیلا گیا آپ سب کے علم ہے۔ نیب نے مجھے بطور ملزم نہیں گواہ بلایا۔ نیب کے سوالات کا جواب دوں گا۔ دامن صاف ہے، ڈرنے کی ضرورت نہیں۔ نیب کو تمام سوالات پر مطمئن کروںگا۔ وزیراعظم عمران خان کا ہمیشہ مجھ پر اعتماد رہا ہے۔ وزیراعظم عمران خان کا اعتماد ہی ہے کہ آج یہاں بیٹھا ہوں۔ انہوں نے کہاکہ میرے ہاتھ صاف ہیں، اب فرنٹ فٹ پر کھیلیں گے۔ پنجاب میں آٹا مقررکردہ نرخوں پر دستیاب ہے۔ دیگر صوبوں کے مقابلے میں پنجاب میں آٹے کی قیمتوں میں استحکام آیا ہے۔ ایم پی ایز کی طرح ارکان قومی اسمبلی بھی ملاقات کیلئے آتے ہیں۔ ارکان قومی اسمبلی کے مسائل بھی اسی طرح حل کرتا ہوں۔  2برس ہونے کو ہے میڈیا کے دوستو کی ’’محبت ‘‘ہم سے کم نہیں ہوئی۔ عثمان بزدار سے سپیکرقومی اسمبلی اسد قیصرکی قیادت میں ارکان قومی اسمبلی نے ملاقات کی۔ پنجاب کے ارکان قومی اسمبلی نے وزیراعلیٰ پر اعتماد کا اظہار کیا اور ان کے خلاف منظم پراپیگنڈے کی مذمت کی۔ عثمان بزدار وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق سرگرم عمل ہیں۔ عثمان بزدار نے پنجاب کو یکساں ترقی کے ویژن پر گامزن کیا ہے۔ پنجاب میں ترقی کے حقیقی دور کا آغاز ہوچکا ہے ۔ ارکان اسمبلی دست و بازو ہیں، ان کا کوئی جائز کام نہیں رکے گا۔ تحریک انصاف کی حکومت سابق دور کی فاش غلطیوں اور خرابیوں کو دور کر رہی ہے۔ عثمان بزدار نے ٹھٹھہ کے قریب کینجھر جھیل میں کشتی الٹنے سے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کیا ہے۔

مزیدخبریں