فیصل آباد/ چناب نگر/ سمبڑیال/ واربرٹن/ گجرات (آن لائن+ نامہ نگاران+ نمائندگان) شدید گرمی اور حبس میں بدترین لوڈ شیڈنگ نے کئی علاقوں میں شہریوں کی زندگی اجیرن کر دی۔ فیصل آباد کے شہری سراپا احتجاج، چناب نگر میں گھنٹوں بجلی کی بندش سے معمولات زندگی معطل ہو کر رہ گئے۔ سمبڑیال میں بھی شہریوں نے احتجاج کیا ہے۔ واربرٹن میں شدید گرمی کے دوران لوڈ شیڈنگ کے باعث 3 افراد بے ہوش ہو گئے۔ فیصل آباد شہر اور گردونواح کے علاقوں میں غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ عروج پر پہنچ گئی ، لوڈشیڈنگ نے تاجروں سمیت شہریوں کی زندگی اجیرن کر دی ہے‘ کئی علاقوں میں تین تین چار چار گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کے ساتھ ساتھ بجلی کے بار بار جھٹکوں کی وجہ سے گھریلو الیکٹرک اشیاء تباہ ہو رہی ہیں۔ شہری سراپا احتجاج بن گئے۔ فیسکو حکام کی من مانیاں عروج پر پہنچ چکی ہیں۔ مگر فیصل آباد کے بے بس اراکین قومی و صوبائی اسمبلی عوام کو ریلیف دینے کی بجائے عوام سے نظریں چرانے لگے ہیں۔ فیصل آباد الیکٹرونکس اینڈ انسٹالمنٹ ایسوسی ایشن کی ایگزیکٹو باڈی کے اجلاس سے چیئرمین و صدر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری رانا محمد سکندراعظم خاں‘ صدر چوہدری مقصود احمد و دیگر نے کہا کہ ایک طرف بجلی کی قیمتوں میں آئے روز اضافہ ہو رہا ہے تو دوسری طرف عوام کو بجلی میسر نہیں‘ سخت گرمی میں لوڈشیڈنگ نے عوام کو ذہنی طور پر مفلوج بنا دیا ہے۔ چناب نگر میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ اور شدید گرمی کا سلسلہ جاری ہے۔ شدید حبس کی وجہ سے لوگ نڈھال ہو کر رہ گئے گھروں میں پانی ختم ہو گیا۔ معمولات زندگی معطل ہو کر رہ گئے اور لوگ شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ واربرٹن میں کئی کئی گھنٹے بجلی غائب گرمی اور حبس سے متعدد افراد بیہوش غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ نے عوام کا جینا محال کر دیا۔ نواحی گائوں حسین کوٹ میں خالد نامی شخص کھیتوں میں کام کرکے واپس گھر آیا تو بجلی نہ ہونے پر گھبراہٹ سے بیہوٹ ہو گیا۔ موضع جسلانی میں رائے شاہد اور محلہ عید گاہ میں محمد سلطان گرمی اور شدید حبس میں گھبراہٹ سے بیہوش ہو گئے جنہیں مقامی ہسپتال پہنچا دیا گیا۔ سمبڑیال و گردونواح میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ روزانہ دن اور رات کو گھنٹوں بجلی غائب رہنے لگی ہے۔ شہریوں نے اس صورتحال پر شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ خدارا لوڈ شیڈنگ کے جن پر قابو پایا جائے۔ گجرات میں غیر اعلانیہ لوڈ شینگ ٹرپنگ کے باعث مشکلات سے دو چار ہیں۔ شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ ٹرپنگ اور کم وولٹیج کی وجہ سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ بار بار ٹر پنگ سے الیکٹرونکس اشیاء کی خرابی کے باعث صارفین کو لاکھوں روپے کا نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے۔
گھنٹوں لوڈ شیڈنگ‘ فیصل آباد‘ سمبڑیال احتجاج‘ واربرٹن میں 3 افراد بے ہوش
Aug 18, 2020