اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) پاکستان مسلم لیگ (ض) کے سربراہ سابق وفاقی وزیر محمد اعجاز الحق نے کہا ہے کہ ملک کا ایٹمی پروگرام ناقابل تسخیر دفاعی نظام ہے۔ یہ پروگرام شہید صدر جنرل محمد ضیاء ا لحق کی وجہ سے مکمل ہوا مقبوضہ کشمیر میں ایک سال سے لاک ڈائون ہے وہاں کے لوگوں کی ہمت اور جرائت دکھائی ہے اور بھارت کو چیلنج دے رکھا ہے۔ ہمارے ہاں بلکہ دنیا میں تو تین ماہ لاک ڈاون ہوا تو جس سے دنیا کی چیخیں نکل گئیں ‘ کشمیر ی عوام کے لاک ڈاون کو ایک سال ہوگیا‘ کیا پاکستان کی حکمران صرف تقریریں کرتے رہیں گے ‘ انہوں نے یہ بات شہید جنرل محمد ضیاء الحق کی 32 ویں برسی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی شہید صدر جنرل ضیاء الحق کی برسی کے لیے اس سال کرونا کی وجہ سے دعوت عام نہیں دی گئی تھی مگر اس کے باوجود لاہور‘ رالپنڈی‘ فیصل آباد‘ بہاول نگر‘ پشاور سمیت دیگر شہروں سے مسلم لیگ(ض) کے کارکن اور ضیاء فائونڈیشن کے کارکن کی ایک بڑی تعداد برسی کی روائتی تقریب میں شرکت کے لیے فیصل مسجد پہنچی‘ راولپنڈی سے ملک اسماعیل‘ فاروق خٹک‘ عبداللہ خان اور پشاور سے احمد خان‘ فیصل آباد سے میاں ساجد حسین سمیت دیگر رہنماء بھی شریک ہوئے اور شہید صدر کے چھوٹے صاحب ذادے سابق صوبائی وزیر ڈاکٹر انوار الحق نے بھی خطاب کیا پنڈال میں تارنے گائے گئے اور شہید صدر کو زبر دست خراج عقیدت پیش کیا گیا‘ اور ان کے مزار پرعیدقت مندوں سے پھولوں کی چادریں چڑھائیں محمد اعجاز الحق نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج افغانستان میں مجاہدین فتح حاصل کرچکے کشمیری عوام کی فتح بھی دور نہیں‘انہوں نے کہا کہ کرونا کی وجہ سے برسی کی مرکزی تقریب نہیں رکھی گئی تھی بلکہ ہر ضلع میں قرآن خوانی کی تقریب ہوئی ہے اور انہیں ہر شہر سے لوگوں نے اطلاع دی ہے کہ یہاں شہید صدر کو خراج عقیدت پیش کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس خطہ میں حالات بدل رہے ہیں‘ کشمیر کی تحریک ایک فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کو پتہ تھا کہ ہم ایٹمی پروگرام چلا رہے ہیں مگر وہ روس میں جنگ کی وجہ سے مجبور تھا ‘امریکی صدر ہر سال پاکستان کو نیوکلیئر نہ بنانے کا سرٹیفکیٹ دیا کرتا تھا ‘افغان جہاد نہ ہوتا تو پاکستان کبھی ایٹمی پروگرام مکمل نہ کرسکتا ‘ آج سعودی عرب جیسے دوست کیوں ناراض ہورہا ہے ‘ کشمیر کے نقشے اپنی جگہ اہم مگر ہمیں عملی طورپر کچھ کرنا ہوگا‘پاکستان ایک سپرپاور کو شکست دینے کے بعد دوسری سپرپاور کو شکست دینے والا ہے ‘اسرائیل کے لئے ٹرمپ جو کررہا ہے وہ قابل شرم ہے ‘پاکستان ترکی جیسا موقف اختیار کرے ‘ پاکستان کی فوج ہر مقابلے کے لئے تیار ہے‘ ڈاکٹرانوار الحق نے کہا کہ جہاد افغانستان و کشمیر کے لئے جو کردار جنرل ضیا الحق نے کیا وہ کسی اور نے نہیں کیا۔ اسرائیل کو تسلیم کرنے کے خواب دیکھنے والوں کو منہ کی کھانا پڑے گی۔