سنسناٹی (این این آئی )امریکہ کی ریاست اوہائیو میں واقع شہر سنسناٹی میں مختلف مقامات پر 18 افراد پر فائرنگ کی گئی ہے جس کے نتیجے میں ان میں سے چار افراد ہلاک متعدد زخمی ہوگئے ۔میڈیارپورٹس کے مطابق پولیس حکام نے بتایاکہ سنسناٹی کے علاقے شلفونٹ پلیس میں ایک 21 سالہ نوجوان پر فائرنگ کی گئی تھی۔اس کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں وہ چل بسا ہے۔ اسی علاقے میں فائرنگ سے زخمی تین اور افراد کو بھی ہسپتال منتقل کیا گیا ۔اس واقعے کے بعد کوئی سوا دو بجے شہر کے ایک اور علاقے اوور دا رہین میں دس افراد کو گولی مار کر زخمی کردیا گیا۔ ان میں سے ایک موقع پر ہی دم توڑ گیا اور ایک سنسناٹی یونیورسٹی کے میڈیکل سنٹر میں چل بسا ہے۔ان دونوں مقتولین کی عمریں 34سال اور 30 سال بتائی گئی ہیں۔پولیس نے شہر کے علاقے والنٹ ہِلز میں نصف شب کے وقت فائرنگ کے ایک اور واقعے کی اطلاع دی ہے جہاں تین افراد کو گولی مار کر زخمی کردیا گیا۔خبری ذرائع کے مطابق یہ تینوں واقعات 60 سے 90 منٹ کے دورانیے میں پیش آئے ۔شہر کے اسسٹنٹ پولیس چیف پال نیوڈی گیٹ نے صحافیوں کو بتایا ہے کہ بظاہر یہ الگ الگ واقعات ہیں لیکن بہت خوف ناک اور المناک ہیں۔پولیس نے فائرنگ کے چوتھے واقعے کی تفصیل جاری نہیں کی ہے ۔ان چاروں واقعات میں ملوث ملزم یا ملزموں کے بارے میں فوری طور پر کوئی معلومات سامنے نہیں آئی ہیں۔شہر کے پولیس سربراہ ایلیٹ اسحاق نے تشدد کے ان واقعات کو ناقابل قبول قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ ہمیں اس پر خاموش نہیں بیٹھ رہنا چاہیے اور بندوق سے تشدد کے ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے کارروائی کرنی چاہیے۔
امریکی شہر سنسناٹی میں فائرنگ کے مختلف واقعات،4 افراد ہلاک، متعدد زخمی
Aug 18, 2020