گریڈ سکولوں کی تجویز سے کم نہیں ہونگے: کیمبرج کی جانب سے طلباء کیلئے خوشخبری 

Aug 18, 2020

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) لاہور ،گجرانوالہ ،فیصل آبادمیں اے اور او لیول کے طلبہ نتائج کے خلاف سراپا احتجاج بن گئے۔ اے لیول اور او لیول کے طلبا و طالبات نے بینرز اور پوسٹرز اٹھاکر لاہور کے فیصل چوک پر احتجاج کیا۔ مظاہرین نے امتحانی نتائج پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے شدید نعرے بازی کی۔ اس موقع پر احتجاجی طلبہ کا کہنا تھا کہ کرونا کی وجہ سے پالیسیاں تبدیل کی گئیں لیکن اس سے میرٹ پر آنے والے طلبہ کا حق مارا گیا لہٰذا ہمارا مطالبہ ہے کہ مستقبل محفوظ بنایا جائے۔ احتجاج کے دوران مال روڈ پر ٹریفک بلاک ہوگیا اور آنے جانے والے مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ طلبہ و طالبات کا کہنا تھا کہ مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو ملک بھر میں احتجاج کریں گے۔ دوسری جانب کراچی میں آل سندھ پرائیوٹ سکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن کے رہنماؤں نے پریس کانفرنس کی۔ ایسوسی ایشن کے رہنما حیدر علی کا کہنا تھا کہ  کیمرج یونیورسٹی نے اے اور او لیول کے نتائج کا اعلان کر دیا ہے جس کے بعد ملک میں ہزاروں طلبہ میں مایوسی پھیل گئی ہے اور 40 فیصد ڈاؤن گریڈنگ کے ذریعے کم گریڈ دیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ کو اپیل کرنے کے حق سے بھی محروم کردیا گیا ہے جب کہ کیمرج امتحانات کی مانیٹرنگ اورکوآرڈینیشن کیلیے کوئی بھی ادارہ ذمہ دار نہیں، لہٰذا حکومت فوری طورپر کیمرج یونیورسٹی سے نتائج پر نظرثانی کا مطالبہ کرے اور مقامی جامعات میں داخلے کی مطلوبہ شرائط میں بھی نرمی کروائی جائے۔دریں اثنا رات گئے اے‘ او لیول کے طالب علموں کیلئے اچھی خبر آ گئی۔ کیمبرج نے اعلان کیا ہے کہ جون 2020ء میں دیئے جانے والے گریڈ سکولوں کے تجویز کردہ گریڈز سے کم نہیں ہوں گے۔ حاصل کردہ گریڈ تجویز کردہ گریڈ سے زیادہ ہوا تو بڑا گریڈ لاگو ہوگا۔

مزیدخبریں