لاہور (سٹاف رپورٹر) شراب لائسنس کیس میں وزیر اعلیٰ پنجاب کے سابق پرنسپل سیکرٹری ڈاکٹر راحیل صدیقی ، سابق ڈائریکٹر جنرل ایکسائز اکرم اشرف گوندل اور نجی ہوٹل کے سی ای او جمیل عباس نیب میں پیش ہوئے ،نیب کی جانب سے وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کو فراہم کئے گئے سوالنامے کے جوابات اور اثاثہ جات کے حوالے سے تفصیلات جمع کرانے کی آج ( منگل) آخری تاریخ ہے، پنجاب سپورٹس بورڈ سکینڈل میں لیگی رہنما حنیف عباسی ،کچی آبادی غیر قانونی الاٹمنٹ کیس میں ماجد ظہور، میاں محسن لطیف اور امیر محمد گجر، آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں لیگی رہنما مدثر قیوم ناہرہ ، بھکر میں اراضی کی غیر قانونی الاٹمنٹ کیس میں تحریک انصاف کے رکن پنجاب اسمبلی غضنفر عباس چھینہ، رائیونڈ اراضی کیس میں سابق ڈی سی او نور الامین مینگل اورخیابان امین ہائوسنگ سوسائٹی کیس سی ای او امین اللہ دتہ ہیرا بھی نیب میں پیش ہوئے۔ ذرائع کے مطابق گزشتہ روز نیب میں اہم پیشاں ہوئیں جس کی وجہ سے سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ۔ شراب کے لائسنس کے غیر قانونی اجراء کے کیس میں سابق پرنسپل سیکرٹری ڈاکٹر راحیل صدیقی نیب میں پیش ہوئے اور تقریباً سوا پانچ گھنٹے تک نیب آفس میں موجود رہے۔ سابق ڈی جی ایکسائز اکرم اشرف گوندل بھی نیب میںپیش ہوئے جن سے سوالات کے جوابات پوچھے گئے ۔ اسی کیس میں نجی ہوٹل کے سی ای او جمیل عباس بھی نیب میں پیش ہوئے اور ان سے بھی گھنٹوں سوالات کے جوابات پوچھے گئے۔ تاہم یہ تصدیق نہیں ہو سکی کہ نیب کی تحقیقاتی ٹیم کی جانب سے اس کیس میں تینوں شخصیات کو آمنے سامنے بٹھاکر سوال و جوابات کئے گئے یا الگ الگ تحقیقات کی گئیں ۔نیب نے ڈاکٹر راحیل صدیقی کو آج منگل کے روز دوبارہ ایک بجے پیش ہونے کا حکم دیا ہے ۔ علاوہ ازیں نیب میںپیشی کے موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کو فراہم کئے گئے۔ سوالنامہ کے جوابات کے لئے 18اگست کی تاریخ مقرر کی گئی تھی ۔نیب نے وزیر اعلیٰ کو اثاثہ جات کی تفصیلات بھی فراہم کرنے کا کہہ رکھا ہے ۔ مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما حنیف عباسی بھی سپورٹس بورڈ پنجاب کرپشن سکینڈل میں نیب لاہور میں ذاتی حیثیت میںپیش ہوئے اور نیب کی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے سوالات کے جوابات دئیے ۔ حنیف عباسی کے مطابق انہیں 27اگست کو دوبارہ نیب میںطلب کیا گیا ہے۔ شاہ شمس کچی آبادی غیر قانونی الاٹمنٹ کیس میں مسلم لیگ (ن) کے سابق اراکین پنجاب اسمبلی میاں محسن لطیف، ماجد ظہور، سابق گونسلر امیر محمد گجر بھی نیب کے رو برو پیش ہوئے اور ان سے سوالات کے جوابات پوچھے گئے اور کچھ دیر نیب آفس میں موجود رہنے کے بعد تینوں رہنما واپس روانہ ہو گئے۔بتایا گیا ہے کہ تینوں کو سوالنامہ دے کر 27اگست کو طلب کیا گیا ہے ۔لیگی رہنما و سابق رکن قومی اسمبلی مدثر قیوم ناہرہ بھی آمدن سے زاہد اثاثہ جات کیس میں نیب میں پیش ہوئے۔ رائیونڈ میں مریم نواز کو اراضی الاٹ کرنے کے کیس میں سابق ڈپٹی کمشنر نور الامین مینگل بھی نیب میں پیش ہوئے اور سوالات کے جوابات دئیے۔خیابان امین ہائوسنگ سوسائٹی کیس میں سی ای او امین اللہ دتہ ہیرا نیب آفس میںپیش ہوئے اور تعمیر شدہ اور بقایا جات مکانوں کا ریکارڈ پیش کیا۔ امین گروپ نے دسمبر 2019 تک تمام متاثرین کو تعمیر شدہ مکانوں کی چابیاں دینی تھیں۔
شراب لائسنس کیس‘ راحیل صدیقی‘ اشرف گوندل‘ جمیل عباسی کی نیب پیشی
Aug 18, 2020