لاہور (اپنے نامہ نگار سے) پاکستان بار کونسل نے بار ایسوسی ایشنز کے سالانہ انتخابات بارے ضابطہ اخلاق جاری کردیا، مقامی بار ایسوسی ایشنوں کو اس پر عمل درآمد کا حکم جاری کردیا گیا،ضابطہ اخلاق کے تحت امیدواروں اور حمایتیوں کو اشتہار، بینر، سٹیکر، پلے کارڈ ، ڈائری اور کیلنڈر کے ذریعے ووٹ مانگنے سے روک دیا گیا،امیدواران کو ناشتہ ، کھانا دینے سے بھی روک دیا گیا، فیس بک یا واٹس ایپ پر ناشتہ و دیگر سرگرمیوں کی تصاویر اپ لوڈ کرنا ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی قرار پائیگی،امیدوار کے ووٹروں کے گھر جانے پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے، امیدوار ساتھی وکلاء کو خط لکھ سکتے ہیں اور 15 مربع انچ کے کارڈ پر اپنی تصویر لگا سکتے ہیں، تمام امیدواران اپنے بینراور پینا فلیکس سات یوم میں اتار لیں،ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پرکاغذات نامزدگی مسترد کردئیے جائیں گے۔