آج ،کل ڈبل سواری پر پابندی:حساس علاقوں میں موبائل سروس بند

Aug 18, 2021

لاہور، اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار+ نیوز رپورٹر+ سٹاف رپورٹر) ملک بھر میں یوم عاشور کل عقیدت واحترام کیساتھ منایا جائے گا۔ علم اور ذوالجناح کے جلوس نکالے جائیں گے اور شام غریباں برپا کی جائے گی۔ نویں اور دسویں محرم پر ملک بھر میں عام تعطیل ہو گی۔ سبیلیں اور لنگر تقسیم کیا جائے گا۔ سکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کو حتمی شکل دیدی گئی ہے۔ ملک بھر کی طرح صوبائی دارالحکومت میں مجالس سید الشہداء حضرت امام حسین ؑ کا سلسلہ جاری ہے۔ آج نو محرم الحرام کو ملک بھر میںشبیہ علم، تابوت اور ذوالجناح کے جلوس نکالے جائیں گے۔ آج 9 محرم کی رات صوبائی دار الحکومت میں شبیہ ذوالجناح کو مرکزی جلوس قدیمی نثار حویلی سے برآمد ہوگا۔ وزیر قانون و کوآپریٹوز پنجاب راجہ بشارت نے میڈیا کو بریفننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ نویں دسویں محرم کو دفعہ 144کا نفاذ کیا گیا ہے جبکہ ڈبل سواری ممنوع ہوگی اور حسب ضرورت موبائل فون سروس پر پابندی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی ہدایت پر صوبائی کابینہ کمیٹی برائے امن و امان نے ہر ڈویژن کے الگ الگ اجلاس کیے جبکہ مجلس اتحاد بین المسلمین کے اجلاس میں بھی مشاورت کی گئی۔ صوبے میں 36 ہزار 686 مجالس اور 9 ہزار 318 جلوس منعقد ہوں گے۔ جن کی حفاظت کے لیے پولیس کی  4لاکھ 10 ہزار نفری جبکہ رینجرز کی 35 اور آرمی کی 66 کمپنیاں ڈیوٹی دے رہی ہیں۔ تمام مکاتب کے علماء کرام کا مثالی تعاون جاری ہے۔ ان کی مشاورت سے صوبہ کے نو سو علما کرام کی زبان بندی اور 1315 علماء کی ضلع بندی کی گئی ہے۔ اب تک سوشل میڈیا پر مذہبی منافرت پھیلانے والے متعدد افراد کے خلاف سخت کارروائی کی گئی ہے۔ انہوں نے محکمہ داخلہ کو ہدایت کی کہ سیف سٹی کے خراب کیمرے فوری ٹھیک کرانے جائیں۔  کرونا ایس او پیز کی پابندی کے لیے صوبہ بھر کی انتظامیہ کو سخت ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید  احمد نے محرم الحرام کے دوران قانون نافذ کرنے والے اداروں کو محرم الحرام میں سکیورٹی ہائی الرٹ رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ امن و امان کی ہر صورت یقینی بنایا جائے اور عوام کے جان و مال کا خیال رکھا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزارت داخلہ م میں محرم الحرام کے دوران امن و امان کے حوالہ سے اپنے زیر صدارت خصوصی اجلاس کے دوران گفتگو  کرتے ہوئے کیا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ خصوصی سیل عاشور کے دوران 24 گھنٹے کام کرتا رہیگا۔ عاشور کے دوران حساس علاقوں میں موبائل فون سروس کی بندش صرف حسب ضرورت کی جائے۔ ادھر  وزیر جیل خانہ جات  فیاض الحسن چوہان نے  کہا وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی قیادت میں محرم الحرام کو پرامن بنانے کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ پنجاب بھر میں کیٹیگری اے، بی اور سی کے کل 9366 جلوس اور 35983 مجالس منعقد ہونگی جن کے لیے یکم سے دس محرم تک صوبے بھر میں 411159 پولیس اہلکار پاک فوج کی 78 اور رینجرز کی 66 کمپنیوں کی مدد سے اپنے فرائض سر انجام دیں گے۔ تمام انتہائی حساس‘ حساس اور فلیٹس پوائنٹس کلیئر کئے جا چکے ہیں۔ شرکاء مجالس مناسب فاصلہ رکھیں‘ فیس ماسک پہنیں۔

مزیدخبریں