لاہور(سپورٹس رپورٹر) راولا کوٹ ہاکس مظفر آباد ٹائیگرز کو 7 رنز سے شکست دے کر کشمیر پریمیئر لیگ کی پہلی چیمپئن بن گئی۔مظفر آباد ٹائیگرز کی ٹیم 170 رنز کے تعاقب میں مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں پر 162 رنز بناسکی، ذیشان اشرف 46 ‘کپتان محمد حفیظ 29 ، صہیب مقصود 15 رنز ، سہیل اختر 2 ، سہیل تنویر 21 ، انور علی 7 ‘محمد وسیم جونیئر 22 رنز بنا کرآئوٹ ہوئے، انضمام کو 12 رنز پر شاہد آفریدی نے بولڈ کیا، اسامہ میر بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔آصف آفریدی اور حسین طلعت نے تین، تین وکٹیںجبکہ کپتان شاہد آفریدی دو وکٹیں حاصل کیں۔اس سے قبل راولا کوٹ ہاکس نے 7 وکٹوں پر 169 رنز بنائے۔ ابتدائی دو وکٹیں 53 رنز پر گریں جب اوپنر بسم اللہ خان 30 اور عمر امین 23 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، صاحبزادہ فرحان نے 28 رنز کی اننگز کھیلی۔حسین طلعت 5 ، دانش عزیز 4 ، کاشف علی 28 گیندوں پر 54 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، محمد عمران 17 رنز کیساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ محمد حفیظ اور اسامہ میر نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں، ارشد اقبال ایک وکٹ حاصل کرسکے۔