اسلام آباد (نیٹ نیوز) کابل کے پر خطر ائیرپورٹ سے مسافروں اور طیارے کو بحفاظت واپس پاکستان لانے والے پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز کے پائلٹ کیپٹن مقصود بجارانی کی غیر معمولی جرات اور قوت فیصلہ کو زبردست سراہا جا رہا ہے۔ کیپٹن مقصود بجارانی پرواز پی کے 6252 کے کپتان تھے اور انہوں نے کابل ائیرپورٹ پر انتہائی خراب صورتحال میں اڑان بھری اور 170 مسافروں اور طیارے کو بحفاظت اسلام آباد لے آئے۔ حالات اس قدر تیزی سے خراب ہورہے تھے کہ پی آئی اے کے پائلٹ سے کہہ دیا گیا تھا کہ اپنا فیصلہ خود کریں۔ سی ای او پی آئی اے ائیرمارشل (ر) ارشد ملک نے ائیرلائن انتظامیہ کے ہمراہ کیپٹن مقصود بجارانی سے ملاقات کی اور ان کی کارکردگی کو سراہا۔ اس موقع پر ارشد ملک نے کہا کہ بحرانی صورت حال میں معاملہ فہمی، تجربے اور صلاحیتوں کو بروئے کار لانا کیپٹن مقصود بجارانی کے پروفیشنل ہونے کی نشانی ہے۔ ساؤتھ ایشین سٹرٹیجک سٹیبلیٹی انسٹیٹیوٹ کی ڈائریکٹر ڈاکٹر ماریہ سلطان نے بھی ایک تقریب میں کیپٹن مقصود بجارانی کی غیرمعمولی کارکردگی کو سراہا اور یادگاری شیلڈ پیش کی۔
کابل سے مسافروں کو نکالنے پر سی ای او پی آئی اے نے پائلٹ مقصود بجارانی کی جرات کو سراہا
Aug 18, 2021