اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) سابق صدر جنرل محمد ضیاء الحق کی33 ویں برسی کے موقع پر فیصل مسجد کے احاطے میں ان کے مزار پر برسی کی تقریب منعقد ہوئی۔ برسی کی تقریب میں طالبان کے نمائندہ سمیت سابق صدر کے صاحبزادے ڈاکٹر انوارالحق، سینئر قانون دان احمد رضا قصوری، مسلم لیگ (ن) کے رہنماء راجہ جاوید اخلاص، سابق ایم پی اے شوکت بھٹی، تحریک انصاف کے رہنماء عبداللہ خان، انجم حفیظ قریشی، مسلم لیگ (ن) کے رہنماء فاروق خٹک سمیت بڑی تعداد میں شہریوں نے شرکت کی۔ برسی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ ض کے سربراہ محمد اعجازالحق نے کہا کہ آج بھارتی جنرل بخشی ایسے رو رہا تھا جیسے طالبان نے کابل نہیں بلکہ نئی دہلی فتح کر لیا۔ جنرل ضیاء الحق نے 43 سال قبل جو خواب دیکھا تھا اس کی تعبیر آج کابل کی فتح پر منتج ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس بات پر افسوس ہے کہ نوازشریف اس شخص کے ساتھ چائے پیتے رہے جس نے پاکستان کو گالیاں دیں۔ آخر میں شہدائے بہاولپور کی بلندی درجات کیلئے دعا کی گئی۔
جنرل ضیاء کی 33 ویں برسی، 43 سال قبل کا خواب کابل کی فتح پر منتج ہوا، اعجاز الحق
Aug 18, 2021