ملتان(نمائندہ نوائے وقت)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان خطے میں پائیدار امن ‘ استحکام اور ترقی چاہتا ہے۔ جس کیلئے خطے کے تمام ممالک اوربالخصوص افغان رہنماؤں کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ خطے میں پائیدار امن کے لئے مل جل کر تعمیری کردار ادا کریں۔ افغانستان میں امن ہوگا تو پاکستان میں بھی امن ہوگا۔ خطے میں بھی امن ہوگا۔ پاکستان نے اس مقصد کیلئے شروع سے مصالحانہ کردار ادا کیا ہے اور مستقبل میںبھی کرتا رہے گا۔ کچھ قوتیں خطے کے امن کو پارہ پارہ کرنا چاہتی ہیں۔ ہمیں ایسی قوتوں کا راستہ روکنا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اتحاد بین المسلین کے حوالے سے مرکزی امام بارگاہ حسین آباد دولت گیٹ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر تحفظ عزاداری امام حسین کونسل کے مرکزی صدر خاور شفقت بھٹہ ‘ ڈپٹی سیکرٹری جنرل تحفظ عزاداری سید طالب حسین پرواز‘ متولی امام بارگاہ حسین آباد ملک شجر عباس کھوکھر ‘ انجینئر سخاوت علی ‘ رہنما مجلس وحدت المسلمین موجود تھے۔انہوں نے کہا پاکستان سے ہر سال ایک بہت بڑی تعداد مقامات مقدسہ کی زیارات کیلئے عراق جاتے ہیں۔ عراق میں پاکستان سے جانے والے زائرین کی سہولت کیلئے نجف اشرف اور کربلا معلی میں قونصلیٹ قائم کریں گے جب کہ زائرین کی سہولت کیلئے پاکستان ہاؤس بھی تعمیر کریں گے تاکہ زائرین کو وہاں رہنے کیلئے تمام سہولیات میسر کی جا سکیں۔ افغانستان کی صورتحال کے بعد ملکی سکیورٹی کے پیش نظر محرام الحرام بہت حساس ہے، شرپسند عناصر محرم الحرام میں امن خراب کرنے کی کوشش کرسکتے ہیں۔ ملک بھر میں اور بلخصوص خطہ جنوبی پنجاب اور ملتان جو کہ عزاداری کا گڑھ ہے حکومت نے یوم عاشور کے حوالے سے بھر پور انتظامات کئے ہیں۔ضلع ملتان میں ہمیشہ سے امن وامان و بھائی چارہ کی فضائ قائم رہی ہے اور مثالی امن رہا ہے۔حالیہ محرم الحرام کے دوران بھی علماء کرام و مشائخ نے حکومتی نمائندوں اور انتظامیہ سے بھر پور تعاون کیا ہے۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے تقریب کے اختتام پر ملکی سا لمیت ‘ خوشحالی اور ترقی کیلئے خصوصی دعا کروائی۔وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی آج 9 محرم الحرام بروز بدھ صبح10 بجے رضا ہال ملتان میں انجمن ثقافت پاکستان کے زیر اہتمام منعقدہ 42ویں سالانہ حسینیہ کانفرنس کی صدارت کریں گے۔ جس میں تمام مکاتب فکر کے علماء کرام خطاب کریں گے ۔وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی آج 9محرم الحرام بروز بدھ شام 5بجے چوک دولت گیٹ پر انجمن تحفظ عزاداری کے زیر اہتمام منعقدہ امن واک میں شریک ہونگے۔ جس میں مختلف سیاسی جماعتوں کے اکابرین ‘ مختلف مسالک کے علماء کرام ‘ سول سوسائٹی کے نمائندے شریک ہونگے۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی تقریب کے اختتام پر دعا کروائیں گے۔