الیکٹرونک ووٹنگ مشین کی تیاری میں تمام پہلوؤں کو مد نظر رکھا گیا،شبلی فراز

Aug 18, 2021

اسلام آباد(نیوزرپورٹر)وفاقی وزیرسائنس و ٹیکنالوجی سینیٹر شبلی فراز نے کہاہے کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین کی تیاری میں تمام پہلوؤں کو مد نظر رکھا گیا ہے،  تمام سیاسی جماعتیں الیکٹرانک ووٹنگ مشین کا معائنہ کریں، تحفظات دور کرنا ہمارا فرض ہے،وزیراعظم نے کہا ہے چاہے الیکشن نتائج ہمارے خلاف آجائیں لیکن انتخابات الیکٹرانک ووٹنگ کے ذریعے الیکشن ہونے چاہیے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاوزیراعظم عمران خان نے انتخابی اصلاحات کیلئے ایک انقلابی قدم اٹھایا ہے اور الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے متعارف ہونے سے ملک کی انتخابی تاریخ بدل جائے گی، الیکشن کو شفاف بنانے کیلئے ٹیکنالوجی کا استعمال ہمارے منشور میں وعدہ تھا ۔ سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتیں الیکٹرانک ووٹنگ مشین کا معائنہ کریں، تحفظات دور کرنا ہمارا فرض ہے، الیکٹرانک ووٹنگ مشین یوزر فرینڈلی ہے جسے ہیک کرنا ممکن نہیں ۔الیکشن کمیشن کی سفارشات کے مطابق الیکٹرانک ووٹنگ مشین تیار کی ہے ۔ وزارت سائنس و ٹیکنالوجی نے ایک ماڈل مشین تیار کی ہے جس کا الیکشن کمیشن جائزہ لے گا۔ سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ ا لیکشن کمیشن آف پاکستان ایک آئینی ادارہ ہے اور حکومت اسے حکم نہیں دے سکتی۔ وزیراعظم عمران خان نے انتخابی اصلاحات کے لیے ایک انقلابی قدم اٹھایا ہے اور الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے متعارف ہونے سے ملک کی انتخابی تاریخ بدل جائے گی، الیکٹرانک ووٹنگ مشین تیار کرنے کا واحد مقصد انتخابی عمل میں شفافیت لانا ہے۔ مینوئل الیکشن نے ہمیں کچھ نہیں دیا ، الیکشن کمیشن کے عہدیداران نے 75کے قریب سوالات کئے ، کوئی ایسا سوال نہیں تھا جس کا ہمارے پاس جواب نہ ہو۔سینیٹر شبلی فراز نے بتایا کہ چیف الیکشن کمشنر نے مشین بنانے پر ہمیں مبارکباد بھی دی، بدقسمتی سے اس ملک میں ہر الیکشن تنازعات کا شکار ہوتے ہیں،پارلیمنٹ ای وی ایم سے متعلق قانون سازی کرے گی۔

مزیدخبریں