اسلام آباد، ( نا مہ نگار+نوائے وقت رپورٹ +آئی این پی ) ملک بھر میںکرونا وائرس سے 95 افراد جاں بحق ہو نے کے بعد اموات کی تعداد 24 ہزار 573 ہوگئی۔ پاکستان میں کرونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 11 لاکھ 5 ہزار 300 ہوگئی۔ منگل کو نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 3 ہزار 221 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔ پنجاب میں 3 لاکھ 73 ہزار 718، سندھ میں 4 لاکھ 13 ہزار 379، خیبر پی کے میں ایک لاکھ 53 ہزار 134، بلوچستان میں 31 ہزار 632، گلگت بلتستان میں 9 ہزار 442، اسلام آباد میں 94 ہزار 402 جبکہ آزاد کشمیر میں 29 ہزار 593 کیسز رپورٹ ہوئے۔ ملک بھر میں اب تک ایک کروڑ 69 لاکھ 50 ہزار 196 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 48 ہزار 181 نئے ٹیسٹ کئے گئے۔ اب تک 9 لاکھ 93 ہزار 304 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 4 ہزار 896 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر نے 9 محرم الحرام کو تمام بڑے اور مرکزی ویکسینیشن سنٹرز کھلے رکھنے کا فیصلہ کر لیا ہے، تاہم 10 محرم پر ملک بھر کے ویکسینیشن سنٹرز بند رہیں گے۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اسد عمر کی زیرصدارت این سی او سی کا اجلاس ہوا جس میں 9 محرم الحرام کو تمام بڑے اور مرکزی ویکسینیشن سنٹرز کھلے رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ این سی او سی کا کہنا ہے کہ 10 محرم پر ملک بھر کے ویکسینیشن سنٹرز بند رہیں گے جبکہ کرونا وائرس پارلیمنٹ ہاوس میں تیزی سے پھیلنے لگا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پارلیمنٹ ہاوس کے بیشتر ملازمین میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔ ذرائع کے مطابق پارلیمنٹ ہائوس کے ملازمین میں خوف و ہراس پھیلنے لگا ہے۔ قومی اسمبلی اور سینٹ سیکرٹریٹ کو چند روز کیلئے بند کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔