مکرمی! 22 سال سے جھنگ صدر کے مرکزی حصہ میں سوئی گیس موجود ہے، لیکن ابھی تک (بیگ کالونی، سلطان کالونی اور ملحقہ آبادیوں) گوجرہ روڈ کو محروم رکھا گیا ہے حالانکہ 8" قطر کی گیس لائن گوجرہ روڈ کے کنارے کے ساتھ گزر کر کاٹن ملز کی طرف جا رہی ہے۔ ان کالونیوں کو نظرانداز کرتے ہوئے 2 کلومیٹر آگے گوجرہ کی طرف النور کالونی میں 3 سال قبل گیس کی لائنیں بچھائی گئیں اور ہمیں محروم رکھا گیا۔ خواتین دھوئیں سے، دمہ، سانس اور آشوب چشم کے موذی امراض میں مبتلا ہو رہی ہیں۔ آج کے ترقی یافتہ دور میں شہر سے ملحقہ آبادیوں کے رہائشی پتھر کے زمانے کی زندگیاں گزارنے پر مجبور ہیں۔ اہالیان علاقہ اعلیٰ حکام بشمول ایم این اے سے گزارش کرتے ہیں کہ مذکورہ علاقہ کی گلیوں میں سوئی گیس کی لائنیں بچھائی جائیں۔(ملک عبدالرحمن، بیگ کالونی گوجرہ روڈ جھنگ صدر)