کوئٹہ(اے پی پی)گورنربلوچستان سید ظہور احمد آغا نے کہا ہے کہ جب تک ہم قومی سطح پر تعلیمی اداروں اور مارکیٹ کے درمیان سماجی ضروریات کے مطابق اشتراک پیدا کرنے کے پہلو کو سنجیدگی سے نہیں لیں گے اس وقت تک ہم حقیقی تعمیر و ترقی کے خواب کو شرمندہ تعبیر نہیں کر سکتے اس لئے ضروری ہے کہ تمام تر پالیسیاں موجودہ انسانی ضروریات اور وقت کے تقاضوں کے مطابق تشکیل دی جائیں ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز یونیورسٹی آف لورالائی کی کارکردگی سے متعلق بریفنگ کے دوران کیا،اس موقع پروائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر مقصود احمد، پرنسپل سیکرٹری ٹو گورنر بلوچستان شاہنواز علی، پرو-وائس چانسلر ڈاکٹر عبدالمالک ترین اور رجسٹرار ڈاکٹر عبدالرازق بھی موجود تھے۔گورنر بلوچستان سید ظہور احمد آغا نے کہا کہ یونیورسٹی آف لورالائی کے قیام سے قریبی اضلاع کے طلبا و طالبات بھی اعلی تعلیم کے ثمرات سے مستفید ہورہے ہیں۔انہوں نے شجرکاری مہم کے دوران یونیورسٹی کے احاطے میں ہزاروں پودے لگانے کو خوش آئند اقدام قرار دیا۔ گورنر سید ظہور احمد آغا نے کہا کہ بدلتی دنیا کے تقاضوں سے ہم آہنگ تدریسی نظام اور معیاری تحقیق ضروری ہے جس سے پورے نظام تعلیم اور نصاب تعلیم کی بنیادیں مضبوط اور مستحکم ہوجاتی ہیں۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر مقصود احمد نے گورنر بلوچستان کو ادارے کی کارکردگی، آئندہ کے لائحہ عمل، کوویڈ۔19 کے دوران آن لائن کلاسز سے آگاہ کیا۔