فیڈریشن کے الیکشن کمیشن کے غیر قانونی اقدامات کی نشاندہی

کراچی(کامرس رپورٹر)یونائیٹڈ بزنس گروپ کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر، چیئرمین افتخارعلی ملک، صدر زبیر طفیل، سیکریٹری جنرل ظفر بختاوری نے ایف پی سی سی آئی کے الیکشن کمیشن کی جانب سے اٹھائے گئے غیر قانونی اقدامات کی نشاندہی کی ہے جو انہوں نے 2021کے سالانہ انتخابات کیلئے کی ہیں۔ اس سلسلے میں ایک تفصیلی کیس ڈی جی ٹی او کے پاس تمام شواہد کے ساتھ جمع کرادیا گیا ہے، جس کی سماعت رواں ماہ میںاسلام آباد میں کی گئی تھی۔ ڈی جی ٹی او نے سیکریٹری ایف پی سی سی آئی اور الیکشن کمیشن کوذاتی طور پر پیش ہونے کے احکامات جاری کئے۔ یو بی جی ترجمان گلزارفیروز کے مطابق درخواست میں یو بی جی کے سربراہ طارق حلیم نے ڈی جی ٹی او کی توجہ دلائی کہ 2021کے سالانہ انتخابات کیلئے ایف پی سی سی آئی کی عبوری ووٹر لسٹ اور حتمی ووٹر لسٹ میں تضاد ہے، عبوری ووٹر لسٹ کے مطابق پاکستان کیمیکل مینوفیکچررز ایسو سی ایشن لاہور کو ایسو سی ایشن کی فہرست میں شامل نہیں کیا گیا جبکہ حتمی ووٹر لسٹ میں جسے با ضابطہ طور پر الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کی گئی ہے اس میں مذکورہ ایسو سی ایشن فہرست میں نمبر 245اور 246میں شامل کی گئی ہے۔ پاکستان کیمیکل مینوفیکچررز ایسو سی ایشن کا براہ راست حتمی ووٹر لسٹ میں اندراج الیکشن قوانین کی خلاف ورزی، الیکشن کمیشن کی جانبداری اور غیر قانونی اور غیر اخلاقی رویہ کو ظاہر کرتی ہے۔کیمیکل مینو فیکچررز ایسوسی ایشن لاہور سابق صدر ایف پی سی سی آئی سال 2020 انجم نثار کی نمائندہ ٹریڈ باڈی ہے جسے الیکشن کمیشن نے جانبداری کا مظاہر ہ کرتے ہوئے فہرست میں شامل کیا۔ الیکشن شیڈول 2021کے درج الیکشن قوائد و ضوابط کے مطابق کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی آخری تاریخ 28اکتوبر 2020تھی اور ظاہر ہے مقررہ آخری تاریخ کے بعد حاصل ہونے والے کاغذات نامزدگی قابل قبول نہیں ہوتے۔ تاہم الیکشن کمیشن کو بھی اس کا اختیار نہیں کہ وہ مقررہ تاریخ کے بعد کاغذات نامزدگی وصول کرکے عبوری ووٹر لسٹ میں شامل کئے بغیر براہ رست حتمی ووٹر لسٹ میں شامل کریں۔ یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ مذکورہ ایسو سی ایشن کے اندراج کیلئے نہ ہی ڈی جی ٹی اور اور نہ ہی معزز ہائی کورٹ کی جانب سے کسی قسم کے احکامات وصول ہوئے اور نہ ہی ایسا کوئی حکم نامہ ریکارڈ پر موجود ہے۔ مزید برآن الیکشن کمیشن نے نامزدگی پر اعتراض سے بچنے کیلئے دانستہ طور پر مذکورہ ایسو سی ایشن کے اندراج کا کوئی نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا۔ الیکشن قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے، مذکورہ ایسو سی ایشن کے نمائندوں کو الیکشن کمیشن نے غیر قانونی طور پر بی ایم پی کے حق میں ووٹ ڈالنے کی اجازت دی جو الیکشن سے قبل از وقت دھاندلی کے مترادف ہے۔ دستیاب شواہد اور ریکارڈ کی روشنی میں یو بی جی مطالبہ کرتی ہے کہ پاکستان کیمیکل مینوفیکچررز ایسو سی ایشن لاہور کے دونوں ووٹوں کو کالعدم قرار دیا جائے اور اس کے نمائندو کی رکنیت منسوخ کی جائے۔ طارق حلیم نے اپنی درخواست میں استدعا کی ہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے جانبداری کا مظاہرہ کرنے پر ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔ اس سے قبل الیکشن کمیشن پر ڈی جی ٹی او کی جانب سے الزام عائد کیا گیا کہ انہوں نے پاکستان افغانستان جوائنٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور لورالائی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری جو کہ رجسٹرڈ ٹریڈ باڈی کے طور پر تسلیم شدہ نہیں تھی ان کے نمائندوں کو غیر قانونی طور پر 29دسمبر 2020کو لائسنس جاری کرکے انتخابات میں ووٹ ڈالنے کی اجازت دی۔ ایف پی سی سی آئی کے سالانہ انتخابات برائے 2021کیلئے ڈی جی ٹی او نے انہیں ووٹ کاسٹ کرنے کی اجازت نہیں دی، تاہم الیکشن کمیشن نے جانبداری اور دھاندلی کرتے ہوئے انہیں بی ایم پی کے حق میں ووٹ ڈالنے کی اجازت دیدی۔ 

ای پیپر دی نیشن