کوئٹہ(پی پی آئی)ڈی آئی جی کوئٹہ پولیس اظہر اکرم نے کہا ہے کہ یوم عاشور کے جلوس کی تمام تیاریاں مکمل ہیں جبکہ 9اور 10محرم الحرام کو کوئٹہ میں سیکیورٹی خدشات کی بنا پر موبائل فون سروس معطل رہے گی،انہوں نے بتایا کہ عاشورہ کے موقع پر کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پاک آرمی کی 3 بٹالین اسٹینڈ بائی پر رہیں گی جبکہ سیکیورٹی انتظامات پر پولیس کے 6ہزار500 اہلکاروں کے ہمراہ فرنٹئیر کور کے جوان بھی شامل ہوں گے۔کمشنر کوئٹہ کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران ڈی آئی جی کوئٹہ پولیس اظہر اکرم نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران سیکیورٹی اور دیگر انتظامات سے متعلق تمام علمائے کرام سے نشست ہو چکی ہے۔ڈی آئی جی کوئٹہ نے کہا کہ یوم عاشور کے موقع پر برآمد ہونے والے جلوس کے تمام انتظامات مکمل ہیں، جلوس کی گزرگاہوں کی صفائی اور لائیٹس کا انتظام مکمل ہوگیا، 9 محرم الحرام کو مچھ میں جلوس برآمد ہوگا جس کی تیاری مکمل ہو چکی ہے۔ڈی آئی جی پولیس اظہر اکرم کے مطابق کوئٹہ میں جلوس کے گزرگاہوں میں آنے والی دکانوں اور مارکیٹوں کو سیل کردیا گیا ہے جبکہ یوم عاشور کے جلوس کی 250 سے زائد سی سی ٹی وی کیمروں سے نگرانی کی جائے گی۔
کوئٹہ :عاشورہ پرسکیورٹی سخت،سی سی ٹی وی کیمرے نصب
Aug 18, 2021