کامرہ کینٹ ( نامہ نگار) غورغشتی میں رات کے وقت لوگوں کے گھروں پر نامعلوم افراد کی فائرنگ کے واقعات سے خوف و ہراس پھیل گیا ، اہلیان غورغشتی راتیں جاگ کر گزارنے پر مجبور ہو گئے ہیں، چھچھ میں کاروبار کیلئے انگلینڈ سے آنے والے برٹش پاکستانی گوہر زمان ساکن محلہ موچی بانڈہ نے صحافیوں کو بتایا کہ 3اگست کی رات 4بجے کے بعد گولیوں اور دھماکے کی آواز سے ہم لرز گئے ، چھت پر چڑھ کر ادھر ادھر دیکھا مگر کچھ سمجھ نہ آئی اور جب صبح روشنی ہوئی تو ہم نے دیکھا کہ ہمارے گھر کے مین دروازے پر گولیوں کے سوراخ ہیں جبکہ صحن میں کھڑی جیپ کا ٹائر فائر لگنے سے پھٹا پڑا ہے اس بابت ہم نے غورغشتی چوکی کو آگاہ کیا جس پر پولیس نے آکر گولیوں کے خول اور شواہد جمع کئے تاہم آج 15دن گزر گئے تفتیش یا کسی کو گرفتار کرنا تو دور کی بات پولیس چوکی کے افسران ہماری بات یا کال سننا تک گوارہ نہیں کرتے انہوں نے وزیر اعظم ، وزیر اعلیٰ ، آئی جی پنجاب اور ڈی پی او اٹک سے فی الفور ملزمان کی گرفتاری ، پولیس کی غفلت پر کارروائی کرنے اور انصاف فراہمی کا مطالبہ کیا ہے ۔
غورغشتی میں فائرنگ کیس کے ملزمان تاحال آزاد ، متاثرین کی دہائی
Aug 18, 2021