مہاراجہ رنجیت سنگھ کے مجسمے کا واقعہ، پاکستان نے بھارت کا ردعمل مسترد کردیا

Aug 18, 2021 | 21:46

ویب ڈیسک

 مہاراجہ رنجیت سنگھ کے مجسمے کے واقعے پر پاکستان نے بھارتی وزارت خارجہ کا بیان مسترد کردیا۔ ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری نے جاری بیان میں کہا کہ مہاراجہ رنجیت سنگھ کے مجسمے کے واقعے پر بھارتی ردعمل مسترد کرتے ہیں، بھارت میں اقلیتوں کے خلاف واقعات ریاستی پشت پناہی میں ہوتے ہیں، بھارت اقلیتوں کے خلاف امتیازی ریاستی پالیسیاں ختم کرے۔زاہد حفیظ چوہدری نے کہا کہ بھارت کا اقلیتوں کے حقوق پر الزام تراشی کرنا اس کا دہرا معیار ہے، بھارت بالغ ریاست ہوتا تو ملزم کی فوری گرفتاری کو سراہتا۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ اقلیتوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے کام کیا، بھارت بی جے پی، آر ایس ایس کے اقلیت دشمن ذہنیت سے دوری اختیار کرے۔انہوں نے کہا کہ بھارت اقلیتوں کے تحفظ، سلامتی اور بہتر معیار زندگی کو یقینی بنائے، بھارت اقلیتوں مسلمانوں کے تحفظ کے لیے موثر اقدامات کرے۔یاد رہے گذشتہ دنوں صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں شاہی قلعے کے باہر نصب سکھ سلطنت کے پہلے مہاراجہ رنجیت سنگھ کا مجسمہ گرا دیا گیا تھا ، مجسمے کو علی الصبح کچھ افراد نے گرایا تھا ، جن میں سے ایک شخص کو گرفتار کرلیا گیا تھا۔سی سی پی او کا کہنا تھا کہ ملزم رضوان نے ہتھوڑے سے مجسمے کو نقصان پہنچایا، ملزم کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی.

مزیدخبریں