کراچی (کامرس رپورٹر) ملکی کرنسی مارکیٹ میں ڈالر پھر مہنگا ہونے لگا ہے۔ پاکستان سٹاک مارکیٹ میں تیزی دیکھی جا رہی ہے۔ دوسری طرف سونے کی فی تولہ قیمت میں ساڑھے 5 ہزار روپے کا اضافہ ہو گیا۔ انٹر بنک تبادلہ مارکیٹ میں گزشتہ روز امریکی ڈالر 98 پیسے مہنگا ہوا۔ انٹر بنک میں کاروبار کے اختتام پر ڈالر 214.88 روپے کا ہے۔ اوپن مارکیٹ میں ڈالر 4 روپے مہنگا ہوکر ڈالر 217 کا ہو گیا ہے۔ سندھ صرافہ بازار جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق سونے کی فی تولہ قیمت 5500 روپے بڑھ کر ایک لاکھ 45 ہزار 400 روپے ہو گئی۔ 10 گرام سونا 4715 روپے مہنگا ہوکر ایک لاکھ 24 ہزار 657 روپے کا ہے جبکہ عالمی صرافہ مارکیٹ میں سونے کی قدر 8 ڈالر کم ہوکر 769 ڈالر فی اونس ہے۔ پاکستان سٹاک ایکسچینج میں کاروبار کا مثبت دن رہا اور 100 انڈیکس میں 240 پوائنٹس کا اضافہ ہوا۔ پاکستان سٹاک ایکسچینج میں کاروبار کے اختتام پر 100 انڈیکس 43 ہزار 676.56 پوائنٹس رہا۔ بازار میں مسلسل تیسرے روز 50 کروڑ سے زائد شیئرز کا کاروبار ہوا۔ آج مجموعی طورپر 60 کروڑ شیئرز کا کاروبار 11 ارب روپے میں ہوا۔ مارکیٹ کیپٹلائزیشن 15 ارب روپے بڑھ کر 7 ہزار 269 ارب روپے ہے۔