اسلام آباد (نیٹ نیوز) دنیا بھر میں انٹرنیٹ سپیڈ کی میپنگ کرنے والے ادارے اوکلا (Ookla) نے مختلف ممالک میں جولائی کے دوران موبائل اور براڈ بینڈ انٹرنیٹ سپیڈ کی فہرست جاری کی ہے۔ جس کے مطابق متحدہ عرب امارات، قطر اور جنوبی کوریا ایسے ممالک ہیں جہاں موبائل فون پر انٹرنیٹ استعمال کرنے کا صحیح مزہ آتا ہے۔ موبائل انٹرنیٹ کی فہرست میں متحدہ عرب امارات 120.35 ایم بی پی ایس کی اوسط ڈاؤن لوڈ اور 21.07 ایم بی پی ایس کی اوسط اپ لوڈ سپیڈ کے ساتھ سرفہرست ہے۔ دوسرے نمبر پر قطر ہے جہاں موبائل انٹرنیٹ کی اوسط رفتار 117.43 ایم بی پی ایس ہے۔ جنوبی کوریا ایک درجے بہتری سے تیسرے نمبر پر پہنچ گیا جہاں موبائل انٹرنیٹ کی اوسط رفتار 109.65 ایم بی پی ایس ہے۔ پاکستان 139 ممالک کی اس فہرست میں 2 درجے بہتری کے بعد 114 ویں نمبر پر اور جنوبی ایشیاء میں پہلے نمبر پر ہے۔ پاکستان میں موبائل انٹرنیٹ ڈاؤن لوڈنگ کی اوسط رفتار 14.33 ایم بی پی ایس اور اپ لوڈ رفتار 8.60 ایم بی پی ایس ہے۔ دوسری جانب براڈ بینڈ انٹرنیٹ سپیڈ میں لاطینی امریکی ملک چلی سرفہرست ہے۔ چلی میں براڈ بینڈ انٹرنیٹ کی اوسط رفتار 212.98 ایم بی پی ایس ہے جبکہ سنگاپور 211.36 ایم بی پی ایس کے ساتھ دوسرے اور تھائی لینڈ 189.14 ایم بی پی ایس کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہے۔