لاہور (نامہ نگار) وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے دیرینہ مطالبہ پورا کر کے عوام کے دل جیت لئے۔ عوام کی فلاح و بہبود اور ضروریات کے پیش نظر گجرات کو پنجاب کے 10 ویں ڈویژن کا درجہ دے دیا گیا۔ سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو نے گجرات ڈویژن کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق نئے ڈویژن میں 3 اضلاع شامل ہوں گے۔ منڈی بہاؤالدین، حافظ آباد اور گجرات نئے ڈویژن کا حصہ ہوں گے۔ گجرات میں نیا ڈویژنل ہیڈ کوارٹر کمپلیکس تعمیر کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کا ایک اور احسن اقدام۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے پنجاب کی تمام تحصیلوں میں آج سے ایمرجنسی سروسز کا آغاز کر دیا ہے۔ ایمرجنسی سروسز اکیڈمی، ٹھوکرنیاز بیگ میں 74 ایمبولینسز کی چابیاں ڈویژنل ایمرجنسی آفیسرز کے حوالے کرنے کی تقریب منعقد ہوئی۔ وزیراعلیٰ پرویز الٰہی نے74 ایمبولینسز کی چابیاں ڈویژنل ایمرجنسی آفیسرز کے حوالے کیں۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ریسکیورز کا رسک الاؤنس بحال کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ ریسکیورز کے سروس رولز میں ترمیم کی سمری چیف سیکرٹری کے پاس ہے، اس پر ہمدردانہ غورکریں گے۔ ریسکیورز کیلئے اسمبلی میں قانون بنا دیا جسے کوئی تبدیل نہیں کر سکتا۔ ہم نے ایمرجنسی وارڈز میں تمام ادویات مفت کردی ہیں اور ایمرجنسی وارڈز میں ڈیوٹی دینے والے ڈاکٹروں کو 3 گنا الاؤنس دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایمرجنسی سروسز اکیڈمی میں تمام صوبوں کے ریسکیورز کو دیکھ کر بہت خوشی ہوئی ہے اور خوش آئند بات ہے کہ تمام صوبے اچھے کام میں شامل ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ بھارت پاکستان کا ہر جگہ مقابلہ کرنے کی کوشش کرتا ہے لیکن بھارت ریسکیو میں مار کھا گیا ہے۔ ایمر جنسی سروسز اکیڈمی میں تمام صوبوں کو ریسکیورز کی تربیت سے صوبوں کے درمیان محبت بڑھی ہے اور ضرورت بھی اس امر کی ہے۔ چاروں صوبوں کے ریسکیورز کی شرکت سے گلدستہ مکمل ہوا ہے اور اس کی خوشبو کبھی ختم نہیں ہوگی کیونکہ اچھے کام کی خوشبو ہمیشہ رہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظم اکیلے تھے لیکن انہوں نے انتھک محنت کر کے مسلمانوں کیلئے الگ وطن کا حصول یقینی بنایا۔ وزیراعلیٰٖ چودھری پرویز الٰہی نے فیصل آباد میں طالبہ پر تشدد اور انسانیت سوز سلوک کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ گرفتار ملزمان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے۔ علاوہ ازیں وزیر اعلی پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو متحدہ عرب امارات کے صدر کی جانب سے آرڈر آف یونین میڈل ملنے اور رائل ملٹری اکیڈمی سینڈ ہرسٹ کی پاسنگ آؤٹ پریڈ میں بطور مہمان خصوصی شرکت پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ دونوں اعزاز سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ کی پیشہ ورانہ اور قائدانہ صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
گجرات پنجاب کا دسواں ڈویژن بن گیا ، تحصیلوں میں ریسکیو 1122سروس شروع
Aug 18, 2022