اسلام آباد (خبر نگار خصوصی +اے پی پی+ نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم شہباز شریف سے پاکستان میں اقوام متحدہ کے ریذیڈنٹ کوآرڈینیٹر جولین ہارنیس نے ملاقات کی۔ وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں اقوام متحدہ کے پائیدار ترقیاتی تعاون کے فریم ورک، سیلاب سے نجات، خوراک کی حفاظت اور ماحولیاتی نظام کی بحالی سمیت اقوام متحدہ کے پاکستان کے ساتھ کام اور تعاون کے مختلف شعبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے اقوام متحدہ کے چارٹر کے مقاصد اور اصولوں کے لیے پاکستان کے پختہ عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ امن کے قیام، انسانی ہمدردی کی سرگرمیوں، موسمیاتی تبدیلیوں اور پائیدار ترقی کے لیے بین الاقوامی تعاون کے شعبوں میں پاکستان اقوام متحدہ کے کاموں میں فعال کردار ادا کررہا ہے۔ وزیراعظم نے اقوام متحدہ کے ایجنڈے 2030 اور پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کیلئے پاکستان کی پیشرفت کی حمایت میں اقوام متحدہ کی جانب سے ادا کئے گئے اہم کردار کو سراہا۔ وزیراعظم نے پاکستان بھر میں حالیہ سیلاب سے ہونے والی تباہی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ متاثرہ علاقوں میں لوگوں کو انسانی بنیادوں پر ریلیف کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ اقوام متحدہ کے ریذیڈنٹ کوآرڈینیٹر نے کرونا وائرس کی وبا سے لچکدار بحالی اور پائیدار ترقی کے لئے پاکستان کی جاری کوششوں میں اقوام متحدہ کی طرف سے مسلسل حمایت کا اعادہ کیا۔ مزید براں وزیرِاعظم شہباز شریف لسبیلہ ہیلی کاپٹر حادثے میں شہید ہونے والے پاک فوج کے لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی کے گھر پہنچ گئے۔ وزیردفاع خواجہ آصف اور وزیراطلاعات مریم اورنگزیب بھی وزیرِ اعظم کے ساتھ تھے۔ وزیرِاعظم نے لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی شہید کیلئے فاتحہ خوانی کی اور اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ہمارے شہداء ہمارا فخر ہیں، فوج کے افسران و جوانوں نے وطن کیلئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے سے کبھی دریغ نہیں کیا۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ دہشتگردوں کے خلاف جنگ ہو یا قدرتی آفت، فوج کے جوان و افسران ہمیشہ قوم کے محافظ بن کر میدان میں اترے، مجھ سمیت پوری قوم شہداء کی قربانیوں پر انہیں خراجِ تحسین پیش کرتی ہے۔خبر نگار خصوصی کے مطابق وزیراعظم میاں شہباز شریف نے متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان کی جانب سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو آرڈر آف دی یونین دینے پر مبارکباد پیش کی ہے۔ اپنے ایک ٹویٹ میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کے صدر کی جانب سے یہ ایوارڈ آرمی چیف کے لیے اور پاکستان کے لیے اعزاز کی بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے دونوں برادر ممالک کے درمیان تعلقات مضبوط سے مضبوط تر ہوتے جا رہے ہیں۔ علاوہ ازیں وزیراعظم شہباز شریف سے ترک کمپنی لماک کے وفد نے ملاقات کی۔ ترک کمپنی نے پاکستان میں پن بجلی کے شعبہ میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ شہباز شریف نے کہا کہ ترکیہ اور پاکستان کے درمیان دوستانہ تعلقات ہیں۔ دونوں ملکوں کے درمیان حال ہی میں ترجیحی تجارتی معاہدے ہوئے ہیں۔ معاہدے کے بعد مشترکہ تجارت کا حجم بڑھے گا۔ پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری کا ماحول انتہائی سازگار ہے۔ حکومت تمام منصوبوں کی بروقت تکمیل پر یقین رکھتی ہے۔
پاکستان کا امن اور ترقی کیلئے فعال کردار : وزیراعظم ، آرمی چیف کو ایوارڈ ملنے پر مبا رکباد
Aug 18, 2022